احمدآباد، 20 دسمبر (یو این آئی) مختلف حالات میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی بلے باز تلک ورما کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی بین الاقوامی ٹی-20 سیریز جیت کے بعد ’امپیکٹ پلیئر آف دی سیریز‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو، جس کا عنوان ’ڈریسنگ روم بی ٹی ایس: امپیکٹ پلیئر آف دی سیریز، انڈیا بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹی-20 آئی سیریز 2025‘ تھا، میں تلک ورما کو ہندوستانی ٹیم کے ٹریننگ اسسٹنٹ راگھویندر دوگی نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ ہندوستان نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پانچویں اور آخری ٹی-20 آئی میچ میں 30 رن سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کی تھی۔ڈریسنگ روم میں منعقدہ انعامی تقریب کے دوران راگھویندر نے بین الاقوامی سطح پر چیلنجز کا سامنا کرنے میں صبر، اعتماد اور لچک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔یہ فتح ہندوستان کی مسلسل آٹھویں ٹی-20 سیریز جیت تھی، جو مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی مستقل کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔سیریز کے فیصلہ کن میچ میں تلک ورما نے 42 گیندوں پر 10 چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 73 رن کی شاندار اننگز کھیل کر اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے صبر و تحمل کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے، بطور سلامی بلے بازمضبوط بنیاد رکھنے کے بعد ہاردک پانڈیا کے ساتھ ایک اہم سنچری شراکت قائم کی، جس کی بدولت ہندوستان 231 رن کے بڑے اسکور تک پہنچ سکا۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد تلک ورما نے کہا،“دوسری بار یہ ایوارڈ جیت کر اور ایک نہایت خاص انسان کے ہاتھوں اسے حاصل کرنا بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ جس انداز میں ہم نے دباؤ میں کھیل پیش کیا، وہ دیکھنا خوش آئند تھا۔ آنے والی نیوزی لینڈ سیریز اور ٹی-20 عالمی کپ میں ہمارا امتحان ہوگا۔”تلک ورما نے سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کے طور پر چار اننگز میں 62.33 کے شاندار اوسط اور 131.69 کے اسٹرائیک ریٹ سے 187 رن بنائے۔ ان کے کھاتے میں دو نصف سنچریاں شامل رہیں، جن میں 73 رن ان کا بہترین اسکور تھا۔پوری سیریز کے دوران بائیں ہاتھ کے بلے باز تلک ورما نے کھیل کی گہری سمجھ اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ٹی-20 میں نمبر چار پر 32 گیندوں پر ان کی محتاط 26 رن کی اننگز نے ابتدائی طور پر 48 رن پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ہندوستان کی اننگز کو سنبھالا اور بعد میں بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ دوسرے میچ میں 214 رن کے مشکل ہدف کے تعاقب میں، نمبر پانچ پر کھیلتے ہوئے تلک نے 34 گیندوں پر شاندار 62 رن بنا کر تنِ تنہا جدوجہد کی، جبکہ ان کے ارد گرد وکٹیں گرتی رہیں۔ اس کے بعد تیسرے ٹی-20 میں انہوں نے ناٹ آوٹ 26 رن بنا کر میچ ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔



