بیاس (جالندھر)، 20 جولائی (یو این آئی) دنیا کے مشہور 114 سالہ میراتھن رنر فوجی سنگھ کی اتوار کو ان کے آبائی گاؤں میں آخری رسومات ادا کردی گئیں۔اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان سمیت ہزاروں لوگوں نے فوجا سنگھ کو نم آنکھوں سے الوداع کیا۔ وزیر اعلیٰ نے فوجا سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ فوجا سنگھ کی 14 جولائی کو سڑک پار کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر موت ہوگئی تھی۔کھیلوں کی دنیا میں فوجاسنگھ کی گرانقدر شراکت کو سراہتے ہوئے مسٹر مان نے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور ثابت قدمی نوجوانوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 114 سال کی عمر میں فوجا سنگھ دنیا کے معمر ترین میراتھن رنر تھے جنہوں نے اپنے عزم اور صبر سے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی دنیا ہمیشہ فوجا سنگھ کی مقروض رہے گی جنہوں نے ایتھلیٹکس کو بین الاقوامی سطح پر نئی بلندیوں تک پہنچایا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فوجی سنگھ کی موت نے نہ صرف پنجاب بلکہ پوری دنیا کو سوگوار کر دیا ہے کیونکہ وہ عزم اور محنت کی علامت تھے۔ لمبی دوڑ کے ذریعے، انہوں نے پنجاب اور خاص طور پر سکھ برادری کا دنیا بھر میں نام روشن کیا۔



