گاندھی نگر/نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کے 31ویں ایڈیشن میں آج مرکزی وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے گجرات کے گاندھی نگر میں 500 سے زائد شرکاء کے ایک گروپ کی قیادت کی، جبکہ دہلی میں مشہور ریسلر دی گریٹ کھلی نے پروگرام کی رونق بڑھائی۔اس ہفتے سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یو) کے اشتراک سے منعقد کی گئی اس آل انڈیا سائیکلنگ مہم میں ملک بھر کے 7000 سے زائد مقامات پر ’فٹنس کی خوراک آدھا گھنٹہ روز‘ کے پیغام کو آگے بڑھاتے ہوئے 3000 ’نمو فٹ انڈیا سائیکلنگ کلبس‘ نے شرکت کی۔گاندھی نگر میں منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر مانڈویا نے کہا کہ فٹ انڈیا ’سنڈے آن سائیکل‘ اب ایک طاقتور قومی مہم بن چکی ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی کے فٹ انڈیا مشن کو پوری طاقت کے ساتھ آگے لے جا رہی ہے۔ یہ واقعی صرف فٹنس کی بات نہیں بلکہ قومی تبدیلی کی ایک تحریک بن چکی ہے۔ آج 7000 سے زیادہ مقامات پر ہمارے نوجوانوں نے اس مہم میں حصہ لیا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مانڈوِیا نے ہندوستانی نوجوان خواتین ہینڈ بال ٹیم سے بھی ملاقات کی جو اس وقت گاندھی نگر میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے نیشنل ٹریننگ کیمپ میں تربیت حاصل کر رہی ہے۔گاندھی نگر پروگرام کا افتتاح ارجن ایوارڈ یافتہ اور پیرا پاور لفٹنگ کے چیف کوچ راجندر سنگھ راہیلو نے کیا۔ان تقریبات میں مختلف بڑے سرکاری اداروں جیسے پی ایس پی بی، او این جی سی، انڈین آئل، جی اے آئی ایل، ایچ پی سی ایل، بی پی سی ایل، آئل انڈیا، سی پی سی ایل، آئی جی ایل، این آر ایل، ایچ ایم ای ایل، ، برہم پترا کریکر اینڈ پالیمر لمیٹڈ، گجرات میٹرو، ایل آئی سیوغیرہ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔قومی دارالحکومت نئی دہلی کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں ’فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل‘ کا 31 واں ایڈیشن ایک تہوار جیسے ماحول میں منعقد ہوا، جس میں رسی کود، زومبا اور ہٹھ یوگ جیسی سرگرمیاں بھی شامل رہیں۔ سابق ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن اور یہ خطاب حاصل کرنے والے واحد ہندوستانی دی گریٹ کھلی نے اس مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔3000 سے زائد نوجوانوں اور بزرگ فٹنس شائقین کی موجودگی میں 52 سالہ کھلی نے ہندوستان کے ’وشوگرو‘ (عالمی رہنما) بننے میں فٹنس کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر کھلی نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کو ’وشوگرو‘ بنانے کا خواب دیکھتے ہیں اور یہ خواب تبھی سچ ہو سکتا ہے جب ہم صحت مند اور مضبوط ہوں۔ آئیے ہم سب مل کر مودی جی کے اس مقصد کو تقویت دیں اور سب کو اس کے بارے میں بتائیں۔ آئیے ہم سب روزانہ ایک گھنٹہ فٹنس کے لیے نکالیں اور پھر باقی زندگی کو بہتر طریقے سے سنبھالیں۔



