جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،14؍دسمبر: صبح کے خوشگوار ماحول میں چرچ کمپلیکس کے احاطے میں کھیلے گئے سمیع اور شبیر آزاد میموریل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا فائنل نہایت سنسنی خیز اور دلچسپ رہا۔ تماشائیوں کی بڑی تعداد اور جوش و خروش کے درمیان سزلی اور فرحان کی جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکیل اور عمران کی جوڑی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔میچ کے آغاز سے ہی سزلی اور فرحان نے جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے سیٹ میں برتری حاصل کر لی۔ دوسرے سیٹ میں شکیل اور عمران نے زبردست مقابلہ کیا اور میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی۔ مقابلہ اس قدر قریب تھا کہ ایک موقع پر میچ کے تیسرے سیٹ میں جانے کے امکانات روشن ہو گئے، مگر سزلی اور فرحان نے بہترین پلیسمنٹ، مضبوط دفاع اور شاندار کارکردگی کے ذریعے لگاتار پوائنٹس حاصل کیے اور کامیابی یقینی بنا لی۔فاتح اور رنر اپ جوڑیوں کو ٹرافی، سرٹیفکیٹ اور ٹی شرٹس پیش کی گئیں۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مینا آزاد نے کامیاب جوڑی کو مبارکباد دی اور کہا کہ کھیل میں جیت کے ساتھ ساتھ ہار بھی سیکھنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ خاص طور پر عمران کی حوصلہ افزائی کی گئی جو بولنے اور سننے سے معذور ہونے کے باوجود فائنل تک پہنچے۔ مارننگ گروپ کے سرپرستوں نے اعلان کیا کہ آئندہ برسوں میں اس ٹورنامنٹ کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا، تاکہ کھیلوں کے ذریعے بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔



