چین کا مردوں کے ایونٹ میں مسلسل 12ویں بار عالمی خطاب پر قبضہ
لندن، 11 مئی ( یو این آئی)لندن میں منعقدہ آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ ٹیم ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں چین نے روایتی حریف جاپان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دے کر اپنی برتری برقرار رکھی۔ چین نے مسلسل 12ویں بار مردوں کا عالمی ٹیم ٹائٹل جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔فائنل کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ لیانگ جنگ کن اور جاپان کے ٹاپ پلیئر ٹومو کازو ہری موٹو کے درمیان رہا۔ہری موٹو نے ابتدائی دو گیمز 11-8 اور 11-4 سے جیت کر چین کو دباؤ میں ڈال دیا۔تاہم، لیانگ نے ہمت نہ ہاری اور اگلے دو گیمز 11-9 اور 13-11 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔فیصلہ کن گیم میں ہری موٹو 8-3 سے آگے تھے، لیکن لیانگ نے لگاتار 8 پوائنٹس حاصل کر کے 11-8 سے کامیابی سمیٹی اور چین کو 1-0 کی برتری دلا دی۔دنیا کے نمبر ون کھلاڑی وانگ چوکن نے دوسرے میچ میں جاپان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی سورا مٹ سوشیما کو چار گیمز کے مقابلے میں زیر کیا۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد وانگ نے شاندار کم بیک کیا اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔تیسرے اور فیصلہ کن ربڑ میں نوجوان اسٹار لن شی ڈونگ نے جاپان کے شن سوکے توگامی کو چار گیمز میں شکست دے کر چین کی فتح پر مہر لگا دی۔ جیت کے بعد لن شی ڈونگ نے میز پر چھلانگ لگا کر جشن منایا، جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے میدان میں آکر انہیں مبارکباد دی۔چین نے 2001 سے اب تک مردوں کے تمام ورلڈ ٹیم ٹائٹل جیتے ہیں۔ میچ کے بعد لیانگ جنگ کن کا کہنا تھا، “دو میچوں میں 2-0 کے خسارے سے واپسی میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔
