سال کے بہترین مرد اور خاتون ایتھلیٹ منتخب
نئی دہلی، 21 جون (یواین آئی )ہندوستان کے مایہ ناز جیولن تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا کو ہفتے کے روز نئی دہلی میں منعقدہ ‘انڈین ایتھلیٹکس ایوارڈز 2025‘ کی تقریب میں سال کا بہترین مرد ایتھلیٹ تسلیم کیا گیا ہے۔ دوسری طرف، 3000 میٹر اسٹیپل چیز میں نیشنل ریکارڈ ہولڈر پارول چودھری کو سال کی بہترین خاتون ایتھلیٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔اس ہفتے کے آغاز میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ 2026 میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے نیرج چوپڑا نے ایوارڈ لینے کے بعد کہا،یہ ایوارڈ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ یہاں ایتھلیٹس کی پرانی اور نئی دونوں نسلیں موجود ہیں، اور ان کے سامنے یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے۔”دو بار کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے گزشتہ سال ستمبر میں ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل کمر کی چوٹ کا شکار ہونے کے بعد شاندار واپسی کی ہے۔ انہوں نے سیزن کے اپنے افتتاحی مقابلے میں تیسری کوشش کے دوران 85.69 میٹر کا بہترین تھرو درج کیا۔ 28 سالہ نیرج چوپڑا گزشتہ سال دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں 90.23 میٹر بھالا پھینک کر 90 میٹر کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے ہندوستانی ایتھلیٹ بنے تھے۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے اوستراوا گولڈن اسپائک، پیرس ڈائمنڈ لیگ اور بنگلورو میں ‘نیرج چوپڑا کلاسک‘ کے افتتاحی ایڈیشن سمیت کئی باوقار عالمی مقابلے جیتے ہیں۔پارول چودھری (بہترین خاتون ایتھلیٹ) نے گزشتہ سال ایشین چیمپئن شپ میں 3000 میٹر اسٹیپل چیز اور 5000 میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔ پارول اس سال کے آخر میں ہونے والے ایشین گیمز میں خواتین کی 5000 میٹر ریس میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ ملک کی عظیم ایتھلیٹ اور انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
