پیرس، 26 اگست (یواین آئی) ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں کامیابی کے ساتھ آغاز کیا ہے۔پیرس میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ کے ویمنز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں سندھو نے بلغاریہ کی کھلاڑی کلویانا نلبانتووا کو 39 منٹ کے سخت مقابلے میں 23-21، 21-6 سے شکست دی۔راؤنڈ آف 32 میں سندھو کا سامنا ہانگ کانگ کی سلونی سمیر بائی مہتا اور ملیشیا کی لیٹشانا کروپتیوَن کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح سے ہوگا۔ ورلڈ نمبر-15 پی وی سندھو نے بلغاریہ کی غیرسیڈیافتہ نلبانتووا کو 23-21، 21-6 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ پہلے گیم میں سندھو کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا اور گیم کافی سنسنی خیز رہا، لیکن تجربے کے دم پر انہوں نے یہ گیم اپنے نام کیا۔ دوسرے گیم میں سندھو مکمل طور پر چھا گئیں اور آسان جیت کے ساتھ میچ ختم کیا۔



