جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 4 جنوری: ایک نظم و ضبط اور پرعزم کارکردگی کے ساتھ، شراچی بنگال ٹائیگرز نے اتوار کو مارنگ گومکے جے پال سنگھ ایسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں ویمنز ہیرو ہاکی انڈیا لیگ (HIL) 26-2025کے آٹھویں میچ میں رانچی رائلز کے خلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اگسٹینا گورزیلانی (37’) نے میچ کا فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو تین پوائنٹس دلانے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچانے میں مدد کی۔مسلسل دو فتوحات کے بعد اس میچ میں اترتے ہوئے، رانچی رائلز نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ان کے مڈ فیلڈ نے ابتدائی لمحات میں کھیل کی رفتار پر قابو پایا۔ انہوں نے پہلے کوارٹر میں پانچ پنالٹی کارنرز حاصل کیے اور سات بار مخالف ٹیم کے ڈی (circle) میں داخل ہوئے، لیکن شراچی بنگال ٹائیگرز کی گول کیپر جینیفر ریزو کو چکمہ نہ دے سکے۔ جوابی حملوں (counter attack) پر کھیلتے ہوئے، ٹائیگرز کو پہلے کوارٹر کے اختتام پر کچھ مواقع ملے لیکن میزبان ٹیم کی بچو دیوی کھریبم نے چند شاندار بچاؤ کیے۔دوسرے کوارٹر میں شراچی بنگال ٹائیگرز نے آہستہ آہستہ کھیل پر گرفت مضبوط کی اور رائلز کے دفاع پر دباؤ بڑھایا۔ انہوں نے پہلے گول کی تلاش میں مسلسل حملے کیے، جس کے دوران سات بار ڈی میں رسائی اور دو پنالٹی کارنرز حاصل کیے۔ تاہم، میزبان ٹیم کی مادھوری کنڈو نے گول پوسٹ پر مضبوطی سے کھڑے رہ کر اہم بچاؤ کیے اور پہلے ہاف کے اختتام تک اسکور 0-0 رہا۔رانچی رائلز نے دوسرے ہاف کے آغاز میں اپنے حملوں میں تیزی لائی اور چند مواقع پر گول کرنے کے قریب پہنچے۔ تاہم، شراچی بنگال ٹائیگرز نے آخر کار اگسٹینا گورزیلانی (37’) کے ذریعے پہلا گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ انہوں نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا، جو سیزن کا ان کا چوتھا گول تھا۔ میزبان ٹیم نے فوری جواب دینے کی کوشش کی لیکن تیسرے کوارٹر میں شراچی بنگال ٹائیگرز کے پختہ اور منظم دفاع کو نہ توڑ سکی۔آخری کوارٹر کے آغاز میں رانچی رائلز کا گیند پر قبضہ زیادہ رہا کیونکہ وہ برابری کے گول کی تلاش میں مسلسل کوششیں کر رہے تھے۔ آخری کوارٹر میں سات بار ڈی میں داخل ہونے اور پانچ پنالٹی کارنرز حاصل کرنے کے باوجود وہ کامیابی حاصل نہ کر سکے، کیونکہ شراچی بنگال ٹائیگرز کا دفاع چٹان کی طرح مضبوط رہا اور انہوں نے تین اہم پوائنٹس حاصل کر لیے۔ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کے تمام میچز سونی اسپورٹس ٹین 1، سونی اسپورٹس ٹین 3 اور ڈی ڈی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
میچوں کی لائیو اسٹریمنگ ‘ویوز (Waves) اور ہاکی انڈیا لیگ کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہوگی۔



