افغانستان کو شکست ،ٹم سیفرٹ اور گلین فلپس کی جارحانہ بیٹنگ، نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز
چنئی، 8 فروری (یو این آئی )اوپنر ٹم سیفرٹ کی برق رفتار نصف سنچری اور گلین فلپس کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی ) کے ایک اہم مقابلے میں افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کیوی ٹیم نے دوسرے ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے باوجود 183 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا۔ دوسرے ہی اوور میں اسپنر مجیب الرحمان نے فن ایلن (1) اور راچن رویندر (0) کو کلین بولڈ کر کے افغان ٹیم کو تگڑا آغاز فراہم کیا۔ تاہم ٹم سیفرٹ نے جارحانہ انداز برقرار رکھا اور گلین فلپس کے ساتھ مل کر پاور پلے میں اسکور 52 رنز تک پہنچا دیا۔گلین فلپس نے افغان کپتان راشد خان کا استقبال چوکے اور چھکے سے کیا اور سیفرٹ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 74 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔ فلپس 25 گیندوں پر 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب ٹم سیفرٹ نے اسپنرز پر اپنا دباؤ برقرار رکھا اور اپنی 14 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔سیفرٹ اور مارک چیپمین کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کچھ دیر کیلئےدلچسپ مرحلے میں داخل ہوا، لیکن کپتان مچل سینٹنر اور ڈیرل مچل نے مزید کسی نقصان کے بغیر ہدف 17.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے اس فتح کے ساتھ ہی 2024 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے ہاتھوں ملنے والی 84 رنز کی عبرتناک شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رنز بنائے تھے۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ تجربہ کار آل راؤنڈر گلبدین نائب افغانستان کی جانب سے نمایاں بیٹر رہے، انہوں نے محض 35 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
، جس میں 4 بلند و بالا چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
رحمان اللہ گرباز (27) اور ابراہیم زردان (10) نے اننگز کا آغاز کیا، جس کے بعد صدیق اللہ اٹل نے 29 رنز بنا کر مڈل آرڈر کو سہارا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہنری، جیکب ڈفی اور راچن رویندر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔



