برسبین رور کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز
سڈنی ،17 مارچ (یواین آئی )آسٹریلیائی فٹ بال کے میدانوں سے کھیل کی دنیا کے لیے ایک متاثر کن خبر سامنے آئی ہے جہاں آسٹریلیا میں پناہ گزین ایرانی خواتین فٹ بالرز نے تمام تر مشکلات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔ 33 سالہ تجربہ کار کھلاڑی عاطفہ رامزنیسدہ اور 21 سالہ ابھرتی ہوئی اسٹار فاطمہ پسندیدہ نے اے لیگ کے نامور کلب ‘برسبین رور‘ کو جوائن کر لیا ہے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایرانی ویمن فٹ بال اسکواڈ کی 7 اراکین نے آسٹریلیا میں پناہ لینے کے لیے درخواستیں دی تھیں تاہم ان میں سے 5 کھلاڑی بعد میں اپنی درخواستوں سے دستبردار ہوئیں اور وہ باقی ٹیم کو کوالالمپور میں جا کر جوائن کر رہی ہیں۔آسٹریلیائی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے کلب کے ویمن اسکواڈ کے ساتھ ایک طویل اور بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، جہاں ان کی آمد کو کھیل کی بحالی اور نئے سفر کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ برسبین رور فٹ بال کلب نے سوشل میڈیا پر ان کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں گرمجوشی سے خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کلب انہیں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے کے لیے مکمل سپورٹ کرے گا۔اس نئے آغاز پر فاطمہ پسندیدہ نے سوشل میڈیا پر اپنی جذباتی پوسٹ میں امید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’سب کچھ بہت اچھا ہوگا‘‘۔ یاد رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب ویمن ایشیا کپ کے دوران قومی ترانہ نہ پڑھنے پر ان کھلاڑیوں کو اپنے وطن میں شدید دباؤ اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اگرچہ ایرانی اسکواڈ کی 7 اراکین نے آسٹریلیا میں پناہ کی درخواست دی تھی، تاہم فی الحال ان دو کھلاڑیوں نے اپنے فٹ بال کیریئر کو آسٹریلوی سرزمین پر پروان چڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔



