ایسٹ ردرفورڈ، 10 جولائی (ہ س)۔ فیبیئن روئز کے دو گول اور عثمان ڈیمبیلے کی شاندار کارکردگی کی بدولت پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے بدھ کو کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں ریئل میڈرڈ کو 0-4 سے شکست دے کر فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب اتوار کو فائنل میں پی ایس جی کا مقابلہ انگلش کلب چیلسی سے ہوگا۔پی ایس جی نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ رویہ اپنایا اور صرف 24 منٹ میں 0-3 کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔ یہ میچ اس لیے بھی خاص تھا کیونکہ یہ پہلا موقع تھا جب کلیئن ایمباپے اپنے سابق کلب پی ایس جی کے خلاف کھیلے۔ تاہم پی ایس جی کے مضبوط دفاع نے انہیں گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔میچ کے 6ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے راول ایسونسیو سے گیند چھین کر فیبئن روئز کو شاندار پاس دیا جسے انہوں نے گول میں تبدیل کر دیا۔9ویں منٹ میں انٹونیو روڈیگر کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیمبیلے نے خود گول کر کے پی ایس جی کو 0-2 کی برتری دلا دی۔حکیمی اور ڈیمبیلے کے درمیان شاندار شراکت کے بعد روئز نے 24ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا۔گونکالو راموس نے 87ویں منٹ میں گول کرکے پی ایس جی کی فتح پر مہر ثبت کردی۔پی ایس جی کے گول کیپر جان لوئیگی ڈوناروما نے کلیئن ایمباپے کے شروعاتی شاٹ کو روکتے ہوئے کل دو سیو کیے۔ پی ایس جی نے ٹورنامنٹ میں چھ میں سے پانچ میچوں میں کلین شیٹ رکھ کر اپنی دفاعی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ریئل میڈرڈ کے لیے ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ کو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ ایمباپے کو اس میچ میں ابتدائی گیارہ میں جگہ ملی، لیکن وہ اثر چھوڑنے میں ناکام رہے۔اب پی ایس جی کی نظریں اتوار کو ہونے والے فائنل میچ پر ہوں گی جہاں وہ پہلی بار کلب ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے کی کوشش کرے گی۔ دوسری جانب چیلسی 2021 میں یہ خطاب جیت چکی ہے اور ایک بار پھر فاتح بننے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔



