شیوم دوبی کی شاندار گیندبازی سے ممبئی نے ودربھ کے خلاف مقابلے میں واپسی کی
ناگپور، 18 فروری (یو این آئی) شیوم دوبے، سوریہ کمار یادو اور کپتان اجنکیا رہانے منگل کو رنجی ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں بلے بازی میں ناکام رہے اور ممبئی کی لڑکھڑاتی اننگز کو آکاش آنند کا سہارا ملا۔پہلے بلے بازی کرنے اتری ممبئی کی شروعات خراب رہی اور اس نے آیوش مہاترے (نو) کا وکٹ گنوا دیا ۔ اس کے بعد سدھیش لاڈ نے آکاش آنند کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ یش ٹھاکر نے سدیش لاڈ (35) کو آؤٹ کرکے یہ شراکت توڑی۔ کپتان اجنکیا رہانے (18)، شیوم دوبے (0)، سوریہ کمار یادیو (0) اور شمس ملانی (4) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دن کی آخری وکٹ شاردول ٹھاکر (37) کی گری۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ممبئی نے سات وکٹ کے نقصان پر 188 رن بنا لیے ہیں اور وہ اب بھی پہلی اننگز میں بنائے گئے ودربھ کے اسکور سے 195 رن پیچھے ہے۔ اسٹمپ کے وقت آکاش آنند (ناٹ آؤٹ 67) اور تنوش کوٹیان (پانچ ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔اس سے قبل ودربھ نے کل کے اسکور پانچ وکٹ پر 308 رن سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ آج شاردول ٹھاکر نے یش راٹھور (54) کو آؤٹ کرکے ممبئی کو چھٹی کامیابی دلائی۔ روئسٹن ڈائس نے اکشے واڈکر (34) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد ممبئی کے شیوم دوبے کے بولنگ اٹیک کے سامنے ودربھ کا کوئی بھی بلے باز نہ ٹک سکا۔ ممبئی کی بولنگ کی حالت ایسی تھی کہ ودربھ نے کل کے اسکور میں 75 رن کا اضافہ کرنے میں اپنے پانچ وکٹ گنوا دیے۔ شیوم دوبے نے ہرش دوبے (18)، نچیکیت بھوٹے (11) اور یش ٹھاکر (تین) کو آؤٹ کر کے ودربھ کی پہلی اننگز 107.5 اوور میں 383 رن پر سمیٹ دی۔ممبئی کی جانب سے شیوم دوبے نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ روئسٹن ڈائس اور شمس ملانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
شاردول ٹھاکر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔



