لندن، 20 اگست (یواین آئی ) لیورپول کے اسٹار اسٹرائیکر محمد صلاح تاریخ رقم کرتے ہوئے تیسری بار پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کے مردوں کے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔صلاح، جنہوں نے اس سے قبل 2018 اور 2022 میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا، چھ کھلاڑیوں کی فہرست میں وہ چوٹی پر تھے ۔ اس فہرست میں ان کے ہم کلب الیکسس میک الیسٹر، مانچسٹر یونائیٹڈ کے برونو فرنینڈس، نیو کیسل کے اسٹرائیکر الیگزینڈر ایساک، چیلسی کے کول پامر اور آرسنل کے مڈفیلڈر ڈیکلَن رائس شامل تھے۔33 سالہ صلاح نے گزشتہ سیزن میں لیورپول کی پریمیئر لیگ ٹائٹل جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2024-25 کے سیزن کا اختتام 29 گول اور 18 اسسٹ کے ساتھ لیگ کے ٹاپ اسکورر کے طور پر کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں پریمیئر لیگ پلیئر آف دی سیزن اور فٹبال رائٹرز ایسوسی ایشن کے فٹبالر آف دی ایئر کے اعزازات بھی ملے۔ایسٹن وِلا کے مڈفیلڈر مورگن راجرز کو “ینگ پلیئر آف دی ایئر” منتخب کیا گیا، جبکہ انگلینڈ کے سابق کوچ گیریتھ ساؤتھ گیٹ کو 2025 کا پی ایف اے میرٹ ایوارڈ دیا گیا۔خواتین کی کیٹیگری میں آرسنل کی اسپینش مڈفیلڈر ماریونا کالڈینتی کو پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ ان کی نئی ہم کلب ساتھی اولیویا اسمتھ نے ینگ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز جیتا۔29 سالہ کالڈینتی، جو بارسلونا سے آرسنل میں شامل ہوئیں، نے اپنے پہلے ہی سیزن میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے تمام مقابلوں میں 41 میچوں میں 19 گول اسکور کیے، جن میں ویمنز سپر لیگ کے 9 گول اور 5 اسسٹ شامل ہیں۔ مئی میں انہیں مداحوں نے پلیئر آف دی ایئر بھی منتخب کیا۔ ان کی شمولیت نے آرسنل کو ڈبلیو ایس ایل میں چیلسی کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچنے اور یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا، جہاں انہوں نے فائنل میں اپنے سابق کلب بارسلونا کو 0-1 سے شکست دی۔اس کیٹیگری میں آرسنل کی الیسیا روسو، مانچسٹر سٹی کی جوڑی میری فاؤلر اور یوئی ہاسےگاوا، چیلسی کی ایرن کَتھبرٹ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی گول کیپر فیلون ٹولس- جویس بھی شامل تھیں۔ادھر، امریکہ کی ہیڈ کوچ ایما ہیز کو چیلسی کے ساتھ کامیاب ترین دور کے دوران خواتین فٹبال میں ان کی خدمات کے اعتراف میں پی ایف اے میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔



