ممبئی، 16 فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ نے آج صبح تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر لوگوں میں فٹنس اور صحت مند طرز زندگی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل پروگرام کی قیادت کی ۔اس موقع پر اتوار کو گیٹ وے آف انڈیا سے جھنڈی دکھا کر پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ، پورے ملک سے ویلنیس ماہرین، مختلف سائیکلنگ کلبوں اور انفرادی فٹنس کے شوقین 500 سے زیادہ سائیکل سواروں نے حصہ لیا اور سائیکل چلائی۔ سائیکلنگ مہم دلکش میرین ڈرائیو سے گزر کر گورے گاؤں چوپاٹی پر اختتام پذیر ہوئی۔نوجوانوں کو فٹنس اور صحت کے بارے میں بیدار کرتے ہوئے مسٹر مانڈویہ نے کہا، “ہمارے عزت مآب وزیر اعظم کا ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب صرف اس وقت پورا ہو سکتا ہے جب ملک کے شہری فٹ ہوں، کیونکہ فٹ لوگ ہی ملک کی تعمیر میں بہت زیادہ حصہ ڈال سکتے ہیں۔ یہ سنڈے آن سائیکل پہل ایک فٹ زندگی گزارنے کی اہمیت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ زیرو کاربن فوٹ پرنٹ کے ساتھ نقل و حمل کے ایک موڈ کا استعمال کرتے ہوئے ماحولیات میں اپنا حصہ ڈالنے کی ایک کوشش ہے۔ میں ہر ایک، خاص طور پر نوجوانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ جب بھی ممکن ہو سائیکل استعمال کریں۔اس سے نہ صرف وہ صحت مند ہوں گے بلکہ یہ ہمارے ماحول کی مجموعی صحت کو بھی بہتر بنائے گا۔”اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے شائنا این سی نے کہا، “میں ڈاکٹر مانڈویہ اور وزارت کھیل کو اس انتہائی بروقت اور اہم اقدام کے لیے مبارکباد پیش کرنا چاہوں گی، سائیکل سواروں میں جوش و خروش شاندار تھا اور موٹاپے سے لڑنے کا بنیادی پیغام آج کی دنیا میں بہت اہم ہے۔ جہاں بیشتر نوجوان ایک سست زندگی گزار رہے ہیں”۔فٹ انڈیا کے سفیر ڈاکٹر مکی مہتا نے کہا، “سائیکل چلانا اپنے آپ میں ایک جشن ہے۔ ایک ایسے شخص کے طور پر جو صحت کے شعبے میں کئی سالوں سے کام کر رہا ہے، اس طرح کے اقدامات، جن میں پورے ملک میں بڑے پیمانے پر شرکت دیکھی جا رہی ہے، بہت سے ہندوستانیوں کو صحت مند زندگی کی طرف پہلا قدم اٹھانے کی ترغیب دیں گے۔



