ٹوکیو، 22 نومبر (یو این آئی ) ہندوستان کی ماہت سندھو نے ٹوکیو میں اپنے پہلے سمر ڈیفلیمپکس میں ویمنز 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا، جس کے ساتھ ہی ان کے میڈلز کی مجموعی تعداد چار ہو گئی۔ سخت مقابلے والے فائنل میں ماہت نے 45 شاٹس کے بعد 456.0 پوائنٹس حاصل کیے اور گیمز میں اپنا دوسرا گولڈ میڈل جیت لیا۔جنوبی کوریا کی ڈین جیونگ نے 453.5 پوائنٹس کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ ہنگری کی میرا زوزانا بیاتووسکی نے 438.6 پوائنٹس کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔ فائنل تک پہنچنے کے دوران ماہت نے ڈیف کوالیفکیشن ورلڈ ریکارڈ اور ڈیفلیمپکس ورلڈ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔کوالیفکیشن راؤنڈ میں ماہت نے نیلنگ میں 194 پوائنٹس پرون میں 198 پوائنٹس اور اسٹینڈنگ میں 193 پوائنٹس بنائے، اور مجموعی طور پر 585-31x کا شاندار اسکور کیا۔ اس طرح انہوں نے گزشتہ سال ہنوور میں ورلڈ ڈیف شوٹنگ چیمپئن شپ میں خود ہی قائم کیے گئے 576 پوائنٹس کے ورلڈ ریکارڈ کو توڑ دیا۔مقابلے میں دوسری ہندوستانی شوٹر نتاشا جوشی نے 566-12x کے اسکور کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ وہ فائنل میں 417.1 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہیں۔فائنل میں ماہت سندھو کو نیلنگ، پرون اور اسٹینڈنگ کے دس دس شاٹس کے بعد سبقت حاصل تھی۔ 41ویں شاٹ پر ماہت کے 9.4 اور ڈین جیونگ کے 10.1 پوائنٹس نے کورین شوٹر کو معمولی برتری دلا دی، لیکن ماہت نے شاندار انداز میں واپسی کی اور اپنے آخری چاروں شاٹس 10 پوائنٹس میں مارتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔اب تک ہندوستانی شوٹرز ڈیفلیمپکس میں 14 میڈلز جیت چکے ہیں، جن میں پانچ گولڈ، چھ سلور اور تین برانز شامل ہیں۔ اببھینودیشوال اور چیتن ہنمَنت سپکال کل 25 میٹر پستول ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔



