لکھنؤ، 12 اپریل (یو این آئی) نکولس پوران (61) اور ایڈن مارکرم (58) کی شاندار اننگز کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس نے ہفتہ کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 26ویں میچ میں گجرات ٹائٹنس کو تین گیندیں باقی رہتے چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کی چھ میچوں میں یہ مسلسل تیسری جیت ہے۔
181 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لکھنؤ سپر جائنٹس کے لیے ایڈن مارکرم اور کپتان رشبھ پنت کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑے۔ پرسدھ کرشنا نے ساتویں اوور میں رشبھ پنت (21) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد نکولس پوران بیٹنگ کے لیے آئے اور چارج سنبھال لیا۔ مارکرم اور پوران کی جوڑی نے دوسری وکٹ کے لیے 58 رن کا اضافہ کیا۔ 12ویں اوور میں پرسدھ کرشنا نے مارکرم کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ مارکرم نے 31 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ 16ویں اوور میں راشد خان نے نکولس پوران کو آؤٹ کیا۔ پوران نے 34 گیندوں میں ایک چوکے اور سات چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر (سات) رن بناکر آؤٹ ہوئے، جسے واشنگٹن سندر نے بولڈ کیا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے 19.3 اوور میں چار وکٹ پر 186 رنز بنا کر چھ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ آیوش بدونی 20 گیندوں میں 28 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عبدالصمد (دو) رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
گجرات ٹائٹنس کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ راشد خان اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔



