کلکتہ، 20 مارچ، (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کافی وقت سے انتظار کئے جانے والے مقابلے سے پہلے، کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اسٹار کھلاڑی بسوا بنگلہ میلہ پرنگن میں منعقدہ نائٹس انپلگڈ 2.0 ایونٹ کے منچ پر اپنے مداحوں کے سامنے پیش ہوئے۔بدھ کو ہوئے اس پروگرام میں پانچ ہزار سے زائد جوشیلے مداحوں کا ہجوم، جامنی اور سنہری رنگ کی جرسیوں میں ملبوس اپنے کرکٹ ہیروز کو قریب سے دیکھنے کے لیے جمع ہوا۔ اس جشن میں کے کے آر کی تین چیمپئن شپ ٹرافیاں بھی نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں۔ پروگرام میں موجود ٹیم کے کچھ اہم اراکین میں کپتان اجنکیا رہانے، نائب کپتان وینکٹیش ایّر، چیف کوچ چندرکانت پنڈت، ٹیم مینٹر ڈی جے براوو اور کے کے آر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مسٹر وینکی میسور شامل تھے۔ ان سب نے نئے سیزن کے نئے مشن سے پہلے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر، کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سی ای او وینکی میسور نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “اس فرنچائزی کا حصہ بننا واقعی ایک اعزاز کی بات ہے۔ ہمیں ملنے والی محبت اور حمایت کو دیکھ کر میں بہت پرجوش ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ کولکتہ جیسا کوئی اور شہر ہے – جب ایڈن گارڈن اسٹیڈیم جامنی اور سنہرے رنگ سے بھر جاتا ہے، تو کے کے آر اور پسندیدہ کھلاڑیوں کے لیے مداحوں کے نعرے واقعی پوری ٹیم کے حوصلے کوبلند کرتے ہیں۔کپتان اجنکیا رہانے نے کہا، “کے کے آر کے ساتھ واپس آنا بہت شاندارہے اور فرنچائز کی قیادت کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ کے کے آر کی تاریخ شاندار رہی ہے۔ اس سال ہمارے پاس ایک بہترین ٹیم ہے۔ ہم واقعی سخت مشق کر رہے ہیں۔ یہ ہمارے لیے بہت اچھا سیزن ہونے والا ہے۔”نائب کپتان وینکٹیش ایر نے کہا، “اتنی عظیم تاریخ اور وراثت والی اس فرنچائزی کے لیے ایک اہم کھلاڑی کہلانا اعزاز کی بات ہے۔” انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائز نے مجھ پر بہت اعتماد ظاہر کیاہے اور مجھے زندگی میں بڑا موقع دیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ سفر بہت طویل عرصے تک جاری رہے گا۔”ٹیم کے چیف کوچ چندرکانت نے کہا، “یہ تین سال کا سفر واقعی شاندار رہا ہے۔ ٹرافی جیتنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ پچھلے سال چیمپئن بننا صرف کھلاڑیوں کے لئے ہی نہیں، بلکہ پورے فرنچائزی کے لئے اہم رہا ہے۔ اس میں وہ سب لوگ شامل ہیں جو پردے کے پیچھے کام کرتے ہیں، مالکان اور خاص طور پر مداح، جن کی حمایت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے۔
“مینٹر ڈوین براوو نے کہا، “ہم اس سیزن کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ہم بہت سارے میچز جیتیں گے اور امید ہے کہ ہم اپنی ٹرافی کو برقرار رکھ پائیں گے۔ اس سیٹ اپ کا حصہ بننا ایک بڑا اعزاز ہے۔



