نئی دہلی، 3 جنوری (ہ س):۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)2026 سے پہلے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے بنگلہ دیشی تیز گیند باز مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کر دیاہے۔ فرنچائز نے ایک سرکاری میڈیا ریلیز جاری کی جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ یہ اقدام بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور آئی پی ایل کے ریگولیٹری رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا ہے۔کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے جاری کردہ میڈیا ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی/آئی پی ایل نے مستفیض الرحمان کو آئندہ سیزن سے قبل اسکواڈ سے ریلیزکرنے کی ہدایت دی تھی۔ جس کے بعد تمام ضروری طریقہ کار اور باہمی مشاورت کے بعد فیصلے پر عملدرآمد کیا گیا۔ فرنچائز نے یہ بھی واضح کیا کہ، آئی پی ایل کے ضوابط کے مطابق، بی سی سی آئی نے کے کے آر کو متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی اجازت دی ہے، جس کی تفصیلات وقت پر شیئر کی جائیں گی۔دسمبر میں منعقدہ آئی پی ایل 2026 منی نیلامی میں مستفیض الرحمان کو کے کے آر نے 9.20 کروڑ میں حاصل کیا تھا۔ وہ اس سیزن کے لیے کنٹریکٹ حاصل کرنے والے واحد بنگلہ دیشی کھلاڑی تھے۔ تاہم، ان کے انتخاب نے حال ہی میں سیاسی اور سماجی ردعمل کو جنم دیا ہے، جس سے یہ معاملہ زیر بحث ہے۔مستفیض الرحمان کا آئی پی ایل کیریئر متاثر کن رہا ہے۔ انہوں نے 2016 میں آئی پی ایل کی شروعات کی اور اس کے بعد سن رائزرز حیدرآباد، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز، دہلی کیپٹلز اور چنئی سپر کنگز جیسی ٹیموں کی نمائندگی کی۔



