نئی دہلی، 31 مارچ (یو این آئی): لکھنؤ سپر جائنٹس بدھ کے روز لکھنؤ کے ایکانا اسٹیڈیم میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف اپنے آئی پی ایل 2026 کے سفر کا آغاز کرے گی۔ گزشتہ سیزن کی تلخ یادوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے لکھنؤ کی ٹیم اس بار زیادہ متوازن اور مضبوط اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔فرنچائز نے اس بار اپنے باؤلنگ یونٹ کو مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے، جبکہ بیٹنگ آرڈر میں بھی استحکام لانے کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ گزشتہ سیزن میں اہم کھلاڑیوں، خصوصاً تیز گیند بازوں کی انجری نے ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کیا تھا، لیکن اس بار محمد شامی اور جنوبی افریقہ کے اینرچ نورٹجے کی شمولیت سے پیس اٹیک کو تجربہ اور کنٹرول حاصل ہوا ہے۔ نوجوان سنسنی خیز گیند باز میانک یادو بھی فٹنس پر کام کرنے کے بعد واپسی کے لیے تیار ہیں، جبکہ محسن خان اور پرنس یادو کی موجودگی سے ٹیم کی گیند بازی میں تنوع پیدا ہوا ہے۔اسپن کے شعبے میں پراسرار اسپنر دگویش سنگھ راٹھی پر نظریں ہوں گی، جنہوں نے اپنے ڈیبیو سیزن میں متاثر کن کارکردگی دکھائی تھی۔بیٹنگ کی بات کی جائے تو مچل مارش اور ایڈن مارکرم کی اوپننگ جوڑی لکھنؤ کو دھماکہ خیز آغاز فراہم کر سکتی ہے۔ کپتان رشبھ پنت اس بار بیٹنگ آرڈر میں اوپر بلے بازی کرتے نظر آئیں گے، جبکہ نکولس پورن مڈل آرڈر میں جارحانہ فنشر کا کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب دہلی کیپیٹلز، جس کی قیادت اکشر پٹیل کر رہے ہیں، گزشتہ سیزن کی ناکامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرے گی۔ کے ایل راہل اننگز کا آغاز کریں گے، تاہم ان کے پارٹنر کے طور پر پرتھوی شا، ابھیشیک پوریل یا پاتھم نسانکا میں سے کسی ایک کا انتخاب ہونا ابھی باقی ہے۔ ڈیوڈ ملر اور ٹرسٹن اسٹبس کی موجودگی سے دہلی کا مڈل آرڈر کافی مضبوط نظر آتا ہے۔دہلی کا باؤلنگ اٹیک بھی کافی جاندار ہے، اگرچہ مچل اسٹارک انجری کی وجہ سے پہلے میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل کی اسپن جوڑی مڈل اوورز میں کسی بھی ٹیم کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، جبکہ لونگی اینگیڈی اور ٹی نٹراجن کی واپسی سے پیس اٹیک کو تقویت ملی ہے۔
ٹیم :
لکھنؤ سپر جائنٹس: رشبھ پنت (کپتان)، ایڈن مارکرم، ہمت سنگھ، میتھیو بریٹزکے، مکل چودھری، اکشت رگھو ونشی، جوش انگلس، مچل مارش، عبد الصمد، شہباز احمد، ارشین کلکرنی، ونیندو ہسرنگا، آیوش بدونی، محمد شامی، اویس خان، ایم سدھارتھ، دگویش سنگھ، آکاش سنگھ، پرنس یادو، ارجن ٹنڈولکر، اینرچ نورٹجے، نمن تیواری، میانک یادو، محسن خان۔
دہلی کیپیٹلز: اکشر پٹیل (کپتان)، کے ایل راہول، کرون نائر، ڈیوڈ ملر، پاتھم نسانکا، ساحل پارکھ، پرتھوی شا، ابھیشیک پوریل، ٹرسٹن اسٹبس، سمیر رضوی، آشوتوش شرما، وپراج نگم، اجے منڈل، تری پورانہ وجے، مادھو تیواری، عاقب ڈار، نتیش رانا، مچل اسٹارک، ٹی نٹراجن، مکیش کمار، دشمنتھا چمیرا، لونگیسانی اینگیڈی، کائل جیمیسن، کلدیپ یادو۔



