Saturday, December 6, 2025
ہومSportsہندوستان کی جنوبی افریقہ پر مضبوط گرفت

ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر مضبوط گرفت

کلکتہ، 15 نومبر (یو این آئی) رویندر جڈیجا (چار وکٹ) اور کلدیپ یادو (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں صرف 93 رنز پر سات وکٹیں گرا کر میچ میں اپنی مضبوط گرفت بنا لی ہے۔ جنوبی افریقہ اس وقت صرف 63 رنز کی برتری کے ساتھ کریز پر موجود ہے اور اس کے تین وکٹ باقی ہیں۔ہندوستان کو پہلی اننگز میں 189 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم کی شروعات مایوس کن رہی اور وہ ہندوستانی اسپنروں کے سامنے بے بس نظر آئی۔ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجا نے 29 رنز کے عوض چار وکٹ لے کر حریف ٹیم کو زبردست دھچکہ دے کر دباؤ میں ڈالا، جبکہ بائیں ہاتھ کے کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو نے 12 رنز پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل نے 30 رنز پر ایک وکٹ لیا۔جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں کپتان ٹیمبا باووما نے سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ 29 رنز بنائے۔ رائن رِکَلٹن (11)، ویان ملڈر (11) اور مارکو یانسن (13) ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکے۔ اسٹمپس کے وقت باووما کے ساتھ کوربن بوش ایک رن بنا کر موجود تھے۔میچ کے دوسرے دن کل 15 وکٹیں گریں اور اب ٹیم انڈیا کو اس مقابلے میں جیت کی خوشبو آنے لگی ہے۔اس سے قبل ہندوستان نے پہلی اننگز میں 189 رنز بنا کر 30 رنز کی اہم برتری حاصل کی تھی۔ ٹیم انڈیا نے گزشتہ روز ایک وکٹ پر 37 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ صبح کے سیشن میں ٹیم کا دوسرا وکٹ 75 کے اسکور پر واشنگٹن سُندر کے طور پر گرا، جنہیں سائمن ہارمر نے آؤٹ کیا۔اس کے بعد کیشو مہاراج نے کے ایل راہل (39) کو پویلین بھیجا۔ رِشبھ پنت (27) کو کوربن بوش نے شکار بنایا۔ 49ویں اوور میں ہارمر نے دھرو جُریل (14) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا اور پھر رویندر جڈیجا (27) کو بھی آؤٹ کر کے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا۔ اس دوران جارحانہ بلے بازی اور صبر و تحمل دونوں کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملا۔راہل نے کیشو مہاراج کی گیند پر ایک چھکا اور کئی چوکے لگائے، جبکہ پنت بہترین فارم میں نظر آئے اور آؤٹ ہونے سے پہلے دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔ سندر نے بھی عمدہ اسٹروک کھیلتے ہوئے ایک چھکا اور دو چوکے لگا کر متاثر کیا۔ہندوستان کا ساتواں وکٹ کلدیپ یادو (1) کے طور پر 172 کے اسکور پر گرا، جنہیں مارکو یانسن نے آؤٹ کیا۔ محمد سراج (1) بھی یانسن کا شکار بنے۔ 63ویں اوور کی دوسری گیند پر سائمن ہارمر نے اکشر پٹیل (16) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی پہلی اننگز 189 رنز، نو وکٹ پر ختم کر دی۔اس سے قبل شبھمن گل سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 79/2 کے اسکور پر زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور دوبارہ بلے بازی کے لیے واپس نہیں آئے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے چار وکٹ لیے، مارکو یانسن نے تین وکٹ لیے، جبکہ کوربن بوش اور کیشو مہاراج نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات