سینتیاگو (چلی)، 10 دسمبر (یو این آئی ) ہندوستان نے ایف آئی ایچ جونئر ویمنز ہاکی ورلڈ کپ 2025 کے 9-12 پوزیشن مقابلے میں سنسنی خیز اختتام کے بعد شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے یوروگوئے کو شکست دے دی۔ مقررہ وقت تک میچ 1-1 سے برابر رہا۔ ہندوستان کی جانب سے منیشہ (19′) نے پہلا گول کیا، جبکہ یوروگوئے کی جسٹینا آریگئی (60′) نے صرف دو سیکنڈ قبل پینالٹی اسٹروک پر گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا اور میچ کو شوٹ آؤٹ میں پہنچا دیا۔میچ سینترو دیپورتیوو دے ہاکی اسیسپیڈ، اسٹادیو ناسیونال میں کھیلا گیا۔ہندوستان نے ابتدا ہی سے کھیل پر گرفت بنائے رکھی، کئی مرتبہ سرکل میں داخل ہو کر دباؤ بنایا۔ اگرچہ یوروگوئے نے پانچویں منٹ میں پہلا پینالٹی کارنر حاصل کیا، لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔18ویں منٹ میں ہندوستان کی ایک منظم پینالٹی کارنر موومنٹ کو یوروگوئے نے روکا، مگر چند لمحوں بعد منیشہ نے باہر سے بھرپور ہٹ لگا کر میچ کا پہلا گول داغ دیا۔ پہلے ہاف میں ہندوستان نے 11 بار حریف کے سرکل میں رسائی حاصل کی، جبکہ یوروگوئے دفاعی انداز میں کھیلتا رہا۔دوسرے ہاف میں بھی یہی رنگ برقرار رہا۔ ہندوستان نے یوروگوئے کو دباؤ میں رکھا، تاہم لگاتار ملنے والے پینالٹی کارنرز کے باوجود برتری بڑھانے میں ناکام رہا۔49ویں منٹ میں ہندوستانی گول کیپر ندیھی نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔آخری لمحات میں یوروگوئے نے اپنی گول کیپر کو ہٹا کر ایک اضافی فیلڈ پلیئر شامل کیا، جس کا فائدہ انہیں آخری سیکنڈز میں ملا۔ میچ کے محض دو سیکنڈ باقی تھے کہ انہیں پینالٹی اسٹروک ملا، جسے آریگئی نے پرسکون انداز میں گول میں تبدیل کر دیا۔شوٹ آؤٹ میں ہندوستان نے بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔پرنیما یادو، اشیکا اور کنیکا سیواج نے گول کیے، جبکہ کیپر ندیھی نے تین شاندار سیوز کر کے ہندوستان کی 3-1 سے جیت یقینی بنا دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان 9ویں اور 10ویں مقام کے پلے آف میں پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان اب اپنے آخری درجہ بندی میچ میں جمعرات کو اسپین کا سامنا کرے گا۔



