نوی ممبئی، 25 اکتوبر (یو این آئی) آئی سی سی خواتین عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہندوستانی خواتین ٹیم کل ڈی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈمی میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔یہ گروپ مرحلے کا آخری میچ ہے پچھلی شکست کے بعد میزبان ٹیم دوبارہ فارم میں آگئی ہے اور گروپ مرحلے کا اختتام شاندار انداز میں کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔دوسری جانب، بنگلہ دیش نے پورے ٹورنامنٹ میں جدوجہد کی ہے۔ چھ میچوں میں صرف ایک جیت کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نچلے مقام پر ہے۔ جذبہ تو ہے، مگر تسلسل کی کمی صاف نظر آتی ہے۔ ٹیم پوری کوشش کرے گی، لڑے گی، لیکن تاریخ ان کے حق میں نہیں ہے کیونکہ ہندوستان نے انہیں آٹھ میں سے سات ون ڈے میچوں میں شکست دی ہے۔سمرتی مندھانا، پرتیکا راول، جمیما روڈریگز اور ہرمن پریت کور ہندوستان کی بیٹنگ لائن اپ کی ریڑھ کی ہڈی رہی ہیں، جبکہ دیپتی شرما نے ایک منظم اور خطرناک بالنگ اٹیک کی قیادت کی ہے۔بنگلہ دیش کی نظریں سوبھنا موستری، شرمین اختر، نگار سلطانہ اور رابعہ خان پر ہوں گی، جو کسی حد تک حیران کن کارکردگی دکھا سکتی ہیں، مگر امکانات ہندوستان کے حق میں زیادہ ہیں۔ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم کی پچ بیٹنگ کیلئے سازگار مانی جاتی ہے۔ یہاں اسٹروکس کھیلنا آسان ہو سکتا ہے، اگرچہ درمیانی اوورز میں اسپنرز کا اثر نمایاں رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ،کل دوپہر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو کسی بھی مرحلے پر میچ میں رکاوٹ ڈال سکتی ہے اور ٹیموں کو اپنی حکمتِ عملی پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔



