دبئی، 5 جنوری(یو این آئی ) سابق ہندوستانی کرکٹر محمد کیف نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (ILT20) کو نوجوان کھلاڑیوں اور بالخصوص ایسوسی ایٹ ممالک کے کرکٹرز کے لیے ایک بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ابھرتے ہوئے ستاروں کو عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا انمول تجربہ فراہم کر رہا ہے۔پہلی بار بطور کمنٹیٹر اس لیگ کا حصہ بننے والے محمد کیف نے اس کا موازنہ آئی پی ایل سے کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آئی پی ایل نے ہندوستانی میں کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، بالکل اسی طرح ILT20 بھی ایک ہی چھتری تلے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو یکجا کر کے نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کو اس سے یقیناً فائدہ پہنچے گا۔محمد کیف نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ ٹورنامنٹ میں اسکور کم رہے ہیں، لیکن ایسی مشکل کنڈیشنز کھلاڑیوں کو بہت کچھ سکھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا”ایک بیٹر کے طور پر آپ ایسی وکٹوں پر کھیلنا سیکھتے ہیں جہاں غلطی کی گنجائش کم ہو، کپتانی کا امتحان ہو اور وکٹوں کے درمیان دوڑ (رننگ) کی اہمیت بڑھ جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای کے مقامی کھلاڑیوں کے لیے کیرون پولارڈ، سنیل نارائن اور جیسن ہولڈر جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارنا سیکھنے کا ایک سنہری موقع ہے، جس سے متحدہ عرب امارات کی کرکٹ کو طویل مدتی فائدہ ہوگا۔



