Saturday, December 6, 2025
ہومSportsاگر سنجو پہلے وکٹ کیپر ہیں تو دوسرا کون ہے - جیتیش،...

اگر سنجو پہلے وکٹ کیپر ہیں تو دوسرا کون ہے – جیتیش، جریل یا راہل؟

نئی دہلی، 12 اگست (یو این آئی) ایشیا کپ 2025 میں اب زیادہ وقت باقی نہیں رہا اور اس کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔ اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا کیونکہ اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی شیڈول ہے۔ ایسے میں سب کے ذہنوں میں یہ سوال ہے کہ ہندوستانی اسکواڈ میں کون شامل ہوگا؟ سلامی بلے بازکون ہوں گے، تیزگیندبازوں میں سے کس کو جگہ ملے گی، اسپنرز کون ہوں گے، آل راؤنڈرز کون ہوں گے اور وکٹ کیپر کتنے اور کون ہوں گے؟ اسی سلسلے میں آج ہم وکٹ کیپرز پر بات کر رہے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ موجودہ فارم، ٹیم کومبی نیشن اور اعداد و شمار کے حساب سے کس کا کھیلنا طے ہے اور کس کو واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔
سنجو سیمسن (تقریباً طے )
اس فہرست میں پہلا نام سنجو سیمسن کا آتا ہے جن کا یو اے ای جانا تقریباً طے مانا جا رہا ہے۔ سیمسن پچھلے کچھ عرصے سے ہندوستان کی موجودہ عالمی چیمپئن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے لیے 42 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 25.32 کی اوسط اور 152.32 کے اسٹرائیک ریٹ سے 861 رنز بنائے ہیں جن میں تین سنچریاں بھی شامل ہیں۔ سیمسن نے ہندوستان کے لیے پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 2015 میں کھیلا تھا لیکن غیر مستقل مزاجی کی وجہ سے جگہ پکی نہیں ہو پائی۔تاہم اب صورتحال بدل گئی ہے۔ پچھلی 10 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا ہے، 42 کی اوسط اور 188.05 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 378 رنز بنائے ہیں۔ یعنی ان کے کل ٹی ٹوئنٹی رنز کا تقریباً 43 فیصد صرف پچھلی 10 اننگز میں آیا ہے اور ان کی تمام سنچریاں بھی اسی دوران آئی ہیں۔ ان میں دو سنچریاں جنوبی افریقہ میں اور ایک بنگلہ دیش کے خلاف حیدرآباد میں بنی۔ آئی پی ایل 2025 سیمسن کے لیے ملا جلا رہا، چوٹ کی وجہ سے وہ صرف 9 میچز کھیل پائے لیکن 285 رنز بنائے جن میں ایک نصف سنچری شامل تھی۔ سیمسن بطور وکٹ کیپر اوپنر بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہیں، اس لیے ان کا ایشیا کپ میں جانا تقریباً طے ہے۔
جیتیش شرما
اب سوال یہ ہے کہ اگر سیمسن پہلی پسند ہیں تو بیک اپ وکٹ کیپر کون ہوگا؟اگر رشبھ پنت زخمی نہ ہوتے تو وہ ٹیم میں شامل ہوتے اور شاید ہم یہ بحث کر رہے ہوتے کہ پہلی پسند پنت ہیں یا سیمسن۔ مگر پنت دستیاب نہیں ہیں، اس لیے بیک اپ وکٹ کیپر کے لیے کئی آپشن ہیں۔ ان میں پہلا نام جیتیش شرما کا ہے، جنہیں ہندوستان کا ممکنہ بہترین فِنشر وکٹ کیپر کہا جا رہا تھا۔ آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کے بعد انہوں نے ہندوستان کے لیے 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور 100 رنز بنائے، ان کی ذمہ داری نچلے نمبر پر تیز بلے بازی کرنا تھی جو انہوں نے 147.05 کے اسٹرائیک ریٹ سے نبھائی، البتہ 14.28 کی اوسط نے انہیں سلیکٹرز کی نظر میں کمزور کیا۔ ان کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ جنوری 2024 میں افغانستان کے خلاف تھا۔آئی پی ایل 2025 میں انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، 15 میچز میں 37.28 کی اوسط اور 176.35 کے اسٹرائیک ریٹ سے 261 رنز بنائے۔ ان کا نیچے آ کر میچ ختم کرنے کا جارحانہ انداز انہیں ایشیا کپ کا ٹکٹ دلوا سکتا ہے۔
دھروو جریئل
جریئل نے ہندوستان کے لیے چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں لیکن خاص کارکردگی نہیں دکھا پائے۔ ان کا آخری میچ اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف تھا۔ تاہم آئی پی ایل 2025 میں وہ راجستھان رائلز کے لیے 14 میچز میں 37 کی اوسط اور 156.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 333 رنز بنا کر متاثر کرنے میں کامیاب رہے، جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ایشان کشن
ایشان کشن ایک اور وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے کم وقت میں ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنائی مگر اچانک خراب فارم اور ٹیم کمبی نیشن میں فٹ نہ بیٹھنے کی وجہ سے باہر ہو گئے۔ بائیں ہاتھ کے اس اوپنر کی خاصیت پاور پلے کا بھرپور استعمال ہے۔ 32 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 25.67 کی اوسط اور 124.37 کے اسٹرائیک ریٹ سے 796 رنز (6 نصف سنچریوں کے ساتھ) بنائے۔آئی پی ایل 2025 میں انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کے لیے 14 میچز میں 35.40 کی اوسط اور 152.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے 354 رنز بنائے۔ انہوں نے سیزن کا آغاز سنچری سے کیا لیکن مستقل مزاجی برقرار نہ رکھ سکے۔ ہندوستان کے لیے ان کا آخری ٹی ٹوئنٹی نومبر 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف تھا۔ سیمسن کے بیک اپ کے طور پر کشن کو دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ وہ اوپنر بھی کھیل سکتے ہیں۔
کے ایل راہل
اس فہرست میں اگلا نام کے ایل راہل کا ہے جو ہندوستان کے لیے پچھلے کچھ برسوں میں ہمہ گیر کردار ادا کر رہے ہیں، اگرچہ وہ اس فارمیٹ میں تین سال سے باہر ہیں۔ حال ہی میں انگلینڈ میں بطور اوپنر دو سنچریوں کے ساتھ 532 رنز بنائے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کے لیے 72 میچز کھیل کر دو سنچری اور 22 نصف سنچریوں کے ساتھ 2265 رنز بنائے ہیں۔ بطور وکٹ کیپر صرف آٹھ ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں جن میں 43.57 کی اوسط اور 139.26 کے اسٹرائیک ریٹ سے 305 رنز (3 نصف سنچریوں کے ساتھ) بنائے ہیں۔آئی پی ایل 2025 میں دہلی کیپیٹلز کے لیے کھیلتے ہوئے 13 اننگز میں 53.90 کی اوسط اور 149.72 کے اسٹرائیک ریٹ سے 539 رنز بنائے، جن میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کی سب سے بڑی خوبی ٹیم کی ضرورت کے مطابق خود کو ڈھال لینا ہے، اس لیے وہ ایشیا کپ میں سیمسن کے بیک اپ یا سلامی بلے بازکے طور پر شامل ہو سکتے ہیں، یا پھر مڈل آرڈر میں بھی کھیل سکتے ہیں، جیسا کہ آئی پی ایل 2025 میں ہوا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات