ملان پور، 12 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ٹیم ابھیشیک شرما پر انحصار نہیں کر سکتی، مجھے شبھمن گل اور دیگر بلے بازوں کی ذمہ داری لینی چاہئے تھی۔کوئنٹن ڈی کاک کی 90 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان کے سامنے 214 رنز کا بڑا ہدف رکھا گیا لیکن گل ایک بار پھر ناکام رہے اور پہلی ہی گیند پر نگیڈی کا شکار بن گئے۔ وہیں سوریہ کمار بھی محض پانچ رنز ہی بنا سکے، جس کے باعث ہندوستان نے پاور پلے میں ہی صرف 32 کے اسکور پر اپنے تین وکٹ گنوا دیے۔ آخری اووروں میں محض پانچ رنز جوڑ کر ہندوستان نے مزید پانچ وکٹ کھو دیے۔جنوبی افریقہ کے خلاف جمعرات کی شب 51 رنز کی شکست کے بعد سوریہ کمار نے کہا، ’’میرا ماننا ہے کہ مجھے اور شبھمن کو اچھی شروعات دینی چاہئے تھی کیونکہ ہم ہر بار ابھیشیک پر انحصار نہیں کر سکتے۔ وہ جس طرح کھیل رہے ہیں، ایک دن ان کا بھی فارم خراب ہو سکتا ہے، اس لیے مجھے شبھمن اور دیگر بلے بازوں کی ذمہ داری لینی چاہئے تھی۔ شبھمن پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ مجھے وہ ذمہ داری لینی چاہئے تھی اور کچھ دیر تک کریز پر رہنا چاہئے تھا۔‘‘پہلے ٹی-20 میں سوریہ کمار نے نمبر تین پر بلے بازی کی تھی لیکن ملان پور میں گل کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد تیسرے نمبر پر اکشر پٹیل کو بھیجا گیا۔ اکشر نے تلک ورما کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن زیادہ دیر ساتھ نہیں دے سکے اور 21 کے انفرادی اسکور پر چار وکٹ لینے والے اوٹنیل بارٹمین کا پہلا شکار بنے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 67 رنز تھا۔سوریہ کمار نے اکشر کو پہلے بھیجنے پر کہا، ’’ہم نے گزشتہ میچ میں سوچا تھا کہ اکشر نے لمبے فارمیٹ میں بہت اچھی بلے بازی کی ہے۔ ہم چاہتے تھے کہ وہ آج بھی ویسی ہی اننگز کھیلیں۔ بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا حالانکہ انہوں نے اچھی بیٹنگ کی۔‘‘انہوں نے کہا، ’’ہم نے پہلے گیند بازی کی، تو ہمیں واپسی کرنی چاہئے تھی لیکن بعد میں جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے سمجھ لیا کہ اس پچ پر لینتھ کتنی اہم ہے۔ یہ سیکھنے کا عمل ہے۔ بس سیکھتے رہو اور آگے بڑھو۔ تھوڑی اوس بھی تھی اور اگر ہمارا پلان کام نہیں کر رہا تھا، تو ہمیں دوسرا پلان تیار رکھنا چاہئے تھا۔ ہم نے دیکھا کہ انہوں نے دوسری اننگز میں کیسے گیند بازی کی۔ ہم نے ان سے سیکھا اور اگلے میچ میں اسے اپلائی کرنے کی کوشش کریں گے۔‘‘



