نئی دہلی، یکم جنوری،(یواین آئی )ہاکی انڈیا لیگ (HIL) کے نئے سیزن کے لیے ٹیموں نے اپنی کمر کس لی ہے۔ جہاں رانچی رائلز کی توجہ رفتار اور جارحانہ کھیل پر ہے، وہیں اکارڈ تمل ناڈو ڈریگنز نے ایک ناقابلِ تسخیر دفاع اور مضبوط گول کیپنگ کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ گوناسیکا کی جگہ لیگ میں نئی فرنچائز کے طور پر شامل ہونے والی رانچی رائلز نے ایک ایسی ٹیم تشکیل دی ہے جو مڈ فیلڈ میں لچک اور میدان میں برق رفتاری کے لیے جانی جائے گی۔ ٹیم کی کمان ہندوستان کے مایہ ناز کھلاڑی منپریت سنگھ کے ہاتھوں میں ہے، جنہوں نے 400 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ کوچ ہریندر سنگھ کی زیرِ نگرانی، منپریت سنگھ کو 2025 کے بہترین عالمی کھلاڑی بیلجیئم کے ٹام بون کا ساتھ حاصل ہوگا۔ دفاع میں نیلکا سنجیو جیس اور آسٹریلیا کے ٹم ہاورڈ بیک لائن کو مضبوط کریں گے۔ مندیپ سنگھ اور نوجوان کھلاڑی اریجیت سنگھ ہندل گول اسکور کرنے کی اہم ذمہ داری نبھائیں گے۔ رانچی رائلز اپنی مہم کا آغاز 4 جنوری کو چنئی میں ویدانتا کلنگا لانسرز کے خلاف کرے گی۔تمل ناڈو ڈریگنز نے 2025 کے سیمی فائنل کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار پینالٹی کارنر اور ‘سیٹ پیس پر خصوصی توجہ دی ہے۔ٹیم کی قیادت دنیا کے بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں سے ایک امت روہیداس کر رہے ہیں۔ ٹیم کے پاس آئرلینڈ کے تجربہ کار گول کیپر ڈیوڈ ہارٹ اور جونیئر ورلڈ کپ کے اسٹار پرنس دیپ سنگھ موجود ہیں، جو اسے لیگ کا مضبوط ترین گول کیپنگ گروپ بناتے ہیں۔آسٹریلیا کے بلیک گوورز حملے کی قیادت کریں گے، جبکہ مڈ فیلڈ میں محمد راحیل اور جرمنی کے پال کافمین ٹیم کے ڈسپلن کو برقرار رکھیں گےڈریگنز 3 جنوری کو حیدرآباد طوفانز کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر سیزن کا آغاز کریں گے۔ٹیم کے کلیدی کھلاڑی رانچی رائل:زمنپریت سنگھ، ٹام بون، مندیپ سنگھ، سورج کرکیرا، ٹم ہاورڈ اور اریجیت سنگھ ہندل۔
تمل ناڈو ڈریگنز:امت روہیداس، ڈیوڈ ہارٹ، بلیک گوورز، پال کافمین، محمد راحیل اور اتم سنگھ۔



