ہندوستان اور کوریا کا مقابلہ 2-2 سے ڈرا
ہاردک سنگھ اور مندیپ سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے اسکور کیا
جدید بھارت نیوز سروس
راجگیر، 3 ستمبر: ہیرو مینز ایشیا کپ راجگیر بہار 2025 کے پہلے سپر 4 میچ میں ہندوستان اور کوریا کا سنسنی خیز مقابلہ 2-2 سے ڈرا ہوا۔ ہندوستان کی طرف سے ہاردک سنگھ (8‘‘) اور مندیپ سنگھ (53’’) نے گول کیے جبکہ کوریا کی جانب سے جیہون یانگ (12‘‘) اور ہیون ہونگ کم (14’’) نے گول کئے۔بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا لیکن بھارت نے گیلی پچ پر جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور ابتدائی منٹوں میں ہی کئی دائروں میں داخلے کئے۔ بھارت کو دوسرے اور ساتویں منٹ میں پنالٹی کارنر بھی ملے لیکن وہ انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ آٹھویں منٹ میں، سکھجیت سنگھ نے مڈفیلڈ میں گیند اٹھائی اور اسے ہاردک سنگھ (8‘) کو دے دیا۔ ہاردک نے ایک شاندار سولو رن بنایا، کوریا کے دفاع کو پیچھے چھوڑ دیا اور گول کیپر کو چکمہ دے کر آسانی سے گول کیا۔کوریا نے زبردست واپسی کی اور لگاتار دو گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ 12ویں منٹ میں جوگراج سنگھ کے فاؤل کی وجہ سے کوریا کو پنالٹی اسٹروک ملا جسے جیہون یانگ (12′) نے شاندار شاٹ لگا کر گول میں بدل دیا۔ صرف دو منٹ بعد ہیون ہونگ کم (14′) نے ڈریگ فلک کے ذریعے پینلٹی کارنر کو گول میں بدل کر کوریا کو 2-1 کی برتری دلا دی۔دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے مسلسل حملے کیے لیکن کوریا کے مضبوط دفاع کے سامنے کوئی گول نہیں کرسکا۔ 22ویں منٹ میں کپتان ہرمن پریت سنگھ نے جرمن پریت سنگھ کو لمبا پاس دیا تاہم ان کا شاٹ کورین گول کیپر نے بچا لیا۔ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں بھی کئی مواقع پیدا کئے۔ 41ویں منٹ میں منپریت سنگھ نے سکھجیت سنگھ کو شاندار پاس دیا لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ سے تھوڑا باہر چلا گیا۔ کچھ ہی دیر بعد ابھیشیک کو لگاتار دو مواقع ملے لیکن ان کے شاٹس بھی گول سے چوک گئے۔ کوارٹر کے آخری لمحات میں ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا لیکن ہرمن پریت کی ڈریگ فلک کو کورین ڈیفنڈر نے لائن پر روک دیا۔بھارت نے چوتھے کوارٹر میں مزید دباؤ ڈالا۔ 49ویں منٹ میں بھارت کو پنالٹی کارنر ملا لیکن جوگراج سنگھ شاٹ نہ لے سکے۔ اس کے فوراً بعد مندیپ سنگھ نے شاندار بیک ہینڈ شاٹ مارا لیکن کوریائی گول کیپر نے زبردست بچایا۔ آخر کار، 53ویں منٹ میں، سکھجیت سنگھ نے مندیپ سنگھ (53′) کو شاندار پاس دے کر گول کے سامنے ایک خالی موقع دیا اور اس نے آسانی سے گیند کو جال میں ڈال دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کو پنالٹی کارنر ملے لیکن گول نہ ہو سکا۔ 56 ویں منٹ میں ابھیشیک نے سکھجیت سنگھ کو لاب پاس دیا لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ سے تھوڑا سا باہر چلا گیا اور میچ 2-2 کی برابری پر ختم ہوا۔ہندوستان اب سپر 4 کے اپنے اگلے میچ میں جمعرات 4 ستمبر کو شام 7:30 بجے ملائیشیا کا مقابلہ کرے گا۔دوسرے نتائج- جاپان نے چائنیز تائپے کو 2-0 سے شکست دی۔ملائیشیا نے چین کو 2-0 سے شکست دی۔یہ میچ سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ دریں اثنا، امریکہ، برطانیہ، نیدرلینڈز، یورپ اور شمالی امریکہ کے ناظرین Watch.Hockey پر میچ براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔



