برسبین، 05 دسمبر (یواین آئی) جیک ویدرالڈ (72)، مارنس لابوشین (65) اور کپتان اسٹیو اسمتھ (61) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے ڈے نائٹ دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کے خلاف اسٹمپز تک چھ وکٹ کے نقصان پر 378 رنز بنا کر 44 رنز کی برتری حاصل کر لی اور میچ پر اپنی مضبوط گرفت قائم کر لی ہے۔یہاں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کل کے نَو وکٹ پر 325 رن سے آگے بڑھائی۔ صبح کے سیشن میں برینڈن ڈوگٹ نے جوفرا آرچر کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کی اننگز 76.2 اوور میں 334 رنز پر ختم کر دی۔ جو روٹ نے 206 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 138 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے چھ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈوگٹ اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد بلے بازی کے لیے اتری آسٹریلیا کو ٹریوس ہیڈ اور جیک ویڈرالڈ کی اوپننگ جوڑی نے مضبوط آغاز دلایا اور پہلے وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت قائم کی۔ 14ویں اوور میں بریڈن کارس نے ٹریوس ہیڈ کو 33 رنز پر آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پہلا دھچکا دیا۔ نمبر تین پر آنے والے بیٹر مارنس لابوشین نے ویڈرالڈ کے ساتھ مل کر مزید 69 رنز جوڑے، لیکن26ویں اوور میں جوفرا آرچر نے جیک ویڈرالڈ کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین بھیج دیا۔جیک ویڈرولڈ نے 78 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رنز بنائے۔ مارنس لابوشین نے بھی نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ کپتان اسٹیو اسمتھ نے 85 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 61 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ کیمرون گرین نے 45 رنز بنائے، جبکہ جاش انگلِس 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹ پر 378 رنز بنا کر انگلینڈ کے خلاف 44 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کریز پر الیکس کیری 45 رنز ناٹ آؤٹ اور مائیکل نیسر 15 رنز ناٹ آؤٹ موجود تھے۔انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان بین اسٹوکس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوفرا آرچر نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔



