پرتھ، 08 مارچ (یواین آئی) اینابیل سدرلینڈ (کل چھ وکٹ اور 129 رنز) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلوی خواتین ٹیم نے واحد ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو ہندوستانی ٹیم کو دوسری اننگز میں 129 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد ملے 25 رنز کے ہدف کو صرف 4.3 اوور میں حاصل کر کے مقابلہ 10 وکٹ سے اپنے نام کر لیا۔آج یہاں ہندوستانی خواتین ٹیم نے کل کے اسکور چھ وکٹ پر 105 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ایشلے گارڈنر نے سنیہ رانا (30) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو ساتواں جھٹکا دیا۔ اگلے ہی اوور میں الانا کنگ نے کاشوی گوتم (صفر) کو شکار بنایا۔ سائیلی ساتگھرے (تین) کو بھی الانا کنگ نے 48ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ایشلے گارڈنر نے ایک اینڈ پر جم کر کھیل رہی پرتیکا راول کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی دوسری اننگز کا اختتام 149 کے اسکور پر کر دیا۔ پرتیکا راول نے ہندوستانی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 137 گیندوں کا سامنا کیا اور آٹھ چوکے لگائے۔آسٹریلیا کو جیت کے لیے 25 رنز کا ہدف ملا۔ آسٹریلیا کی جانب سے لوسی ہیملٹن نے تین وکٹ لیے۔ اینابیل سدرلینڈ، الانا کنگ اور ایشلے گارڈنر نے دو دو وکٹ حاصل کیے جبکہ ڈارسی براؤن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں محض 4.3 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 28 رنز بنا کر مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ جارجیا وول (16) اور فیبی لچ فیلڈ (11) رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آسٹریلیائی خواتین کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر ایلیسا ہیلی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف ہوم سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں کی شاندار فتح ان کے شاندار کیریئر کا آخری بین الاقوامی میچ ثابت ہوئی۔میچ کے اختتام پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے جب آسٹریلیائی کھلاڑیوں نے اپنی عظیم کپتان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کندھوں پر اٹھا کر گراؤنڈ سے رخصت کیا۔ ایلیسا ہیلی نے سیریز کے آغاز پر ہی واضح کر دیا تھا کہ ہندوستان کے خلاف یہ آل فارمیٹ سیریز ان کے کیریئر کا آخری معرکہ ہوگی۔ایلیسا ہیلی کا شمار دنیا کی کامیاب ترین وکٹ کیپر بیٹرز اور کپتانوں میں ہوتا ہے۔ ان کے اعداد و شمار ان کی مہارت کی گواہی دیتے ہیں۔
ٹیسٹ میچز: 10
ون ڈے انٹرنیشنل: 126
ٹی 20 انٹرنیشنل: 162



