نیو جرسی، 5 اپریل (یواین آئی ) فٹ بال کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ اپنے آغاز کی جانب بڑھ رہا ہے۔ 1930 میں یوراگوئے کے سینٹیناریو اسٹیڈیم سے شروع ہونے والا یہ سفر اب 19 جولائی 2026 کی رات نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار ہے۔ ورلڈ کپ فائنل کے 96 سالہ سفر میں کئی داستانیں رقم ہوئیں، ایک نظر:ورلڈ کپ کے اب تک کے 22 ایڈیشنز میں مجموعی طور پر 80 ٹیموں نے حصہ لیا، لیکن صرف 13 ٹیمیں ہی فائنل تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کر سکیں۔ان 13 میں سے صرف 8 ٹیمیں ٹرافی اٹھانے میں کامیاب رہیں۔ برازیل (ریکارڈ 5 بار)، جرمنی (4)، اٹلی (4)، ارجنٹائن (3)، فرانس (2)، یوراگوئے (2)، اسپین (1) اور انگلینڈ (1)۔جرمنی نے سب سے زیادہ 8 بار فائنل کھیلا ہے، جبکہ برازیل 7 فائنلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔1950 کے ورلڈ کپ میں کوئی باقاعدہ فائنل میچ نہیں تھا۔ ٹورنامنٹ کا فیصلہ ‘راؤنڈ رابن‘ لیگ کی بنیاد پر ہوا، تاہم برازیل اور یوراگوئے کے آخری میچ کو “غیر سرکاری فائنل” مانا جاتا ہے جس میں یوراگوئے فاتح رہا۔ارجنٹائن اور جرمنی کی ٹیمیں ورلڈ کپ فائنل میں سب سے زیادہ یعنی 3 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں۔اب تک 21 فائنلز میں سے 8 میچز اضافی وقت میں گئے، جن میں سے 3 کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ 1994 میں برازیل اور اٹلی کا میچ پہلا فائنل تھا جو ٹائی بریکر پر ختم ہوا۔سب سے زیادہ گول: 1958 کے فائنل میں برازیل نے سویڈن کو 5-2 سے شکست دی، یہ تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور والا فائنل تھا۔فائنل کے بادشاہ: فرانس کے کیلیان ایمباپے فائنل مقابلوں میں سب سے زیادہ 4 گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے علاوہ پیلے، زیدان اور جیف ہرسٹ نے فائنلز میں 3، 3 گول اسکور کیے۔برازیل کے کافو واحد فٹ بالر ہیں جنہوں نے مسلسل تین ورلڈ کپ فائنلز (1994، 1998، 2002) میں شرکت کی۔لوئس مونٹی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو الگ ممالک کی طرف سے فائنل کھیلا (1930 میں ارجنٹائن اور 1934 میں اٹلی)۔
ماریو زاگالو، فرانز بیکن باؤر اور ڈیڈیئر ڈیسچیمپس وہ خوش قسمت افراد ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی اور بطور کوچ، دونوں حیثیتوں سے ورلڈ کپ جیتا۔ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ میں اب تک 5 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیجا گیا ہے۔ اس فہرست میں ارجنٹائن کے پیڈرو مونزون اور گستاوو ڈیزوٹی (1990)، فرانس کے مارسل ڈیسائیلی (1998) اور زین الدین زیدان (2006)، جبکہ نیدر لینڈز کے جان ہیٹنگا (2010) شامل ہیں۔



