نئی دہلی، 20 جون (ہ س)۔ فیفا کلب ورلڈ کپ میں جمعرات کو کھیلے گئے مقابلے میں لیونل میسی کی ٹریڈ مارک فری کک کی بدولت انٹر میامی نے پرتگالی کلب پورٹو کے خلاف 1-2 سے سنسنی خیز جیت درج کرنے میں مدد کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ایم ایل ایس کلب انٹر میامی نے گروپ اے سے اگلے راونڈ میں پہنچنے کی اپنی امیدیں مضبوط کر لی ہیں۔پورٹو نے پہلے ہاف میں سامو اگیہووا کی پنالٹی کے ذریعے ابتدائی برتری حاصل کی لیکن دوسرے ہاف میں انٹر میامی نے مضبوطی سے واپسی کی۔ پہلے ٹیلساسکو سیگوویا نے برابری کا گول کیا اور پھر میسی نے 54ویں منٹ میں شاندار فری کک کے ذریعے اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کی۔میچ کی شروعات میں پورٹو نے جارحانہ کھیل دکھایا اور 8ویں منٹ میں انہیں پنالٹی ملی جسے وی اے آر تجزیہ کے بعد منظوری دی گئی۔ انٹر میامی کے ڈفینڈر نوا ایلن کے ذریعہ جوواو ماریو کو بوکس میں ہلکا سا ٹچ کرنے پر ریفری نے پنالٹی دی۔ ہسپانوی کھلاڑی سامو اگیہیوا نے گول کیپر آسکر استاری کو ہرا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، اگرچہ استاری کو گیند پر ہاتھ لگ گیا لیکن وہ اسے نہیں روک سکے۔لیونل میسی نے شروع سے ہی تخلیقی کردار ادا کیا۔ انہوں نے تجربہ کار اسٹرائیکر لوئس سواریز کی گیند کے ذریعے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن سواریز آف سائیڈ تھے اور گول کیپر کلاڈیو راموس نے ایک اچھا بچاو کیا۔ پورٹو نے پہلے ہاف کے اختتام تک دباو برقرار رکھا۔ اگیہیوا اور وریلا نے گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے، لیکن میامی نے گول پوسٹ اور گول کیپر استاری کی چوکسی کی وجہ سے مزید گول نہیں کھانے دئے۔انٹر میامی نے دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 47ویں منٹ میں ٹیلساسکو سیگوویا نے مارسیلو ویگانٹے کے کراس پر شاندار فنشنگ کرکے اسکور 1-1 کردیا۔ اس کے چند منٹ بعد 54ویں منٹ میں میسی کو باکس کے باہر فاول کر دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے خود فری کک لی اور اپنے معمول کے انداز میں گیند کو اوپری دائیں کونے میں ڈال کر انٹر میامی کو 1-2 کی برتری دلائی۔آخری منٹوں میں پورٹو نے برابری کی کوشش کی۔ انجری ٹائم میں سات منٹ کا اضافہ کیا گیا لیکن میامی کے ڈفینڈروں نے زبردست عزم کا مظاہرہ کیا اور کئی کوششوں کو ناکام کیا۔ہیڈ کوچ جیویئر ماچرانو کی ٹیم نے آخری لمحات تک بھرپور دفاع کیا اور بالآخر تاریخی فتح حاصل کی۔ یہ کسی ایم ایل ایس کلب کی یورپی حریف پر دوسرے مقابلے میں پہلی مسابقتی جیت رہی۔ اس سے قبل اسی ہفتے لاس اینجلس ایف سی کو چیلسی نے ہرایا تھا۔حالانکہ میچ کے آغاز میں مرسڈیز بینز اسٹیڈیم آدھا خالی دکھائی دیا کیونکہ دوپہر 3 بجے کام کے دن کے دوران میچ رکھا گیا تھا، جیسے جیسے میچ آگے بڑھا تقریباً 32,000 تماشائی میسی کی شاندار کارکردگی کے گواہ بنے۔ اس جیت کے بعد انٹر میامی اور برازیلین کلب پالمیراس کے چار چار پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ الاہلی اور پورٹو کے پاس ایک ایک پوائنٹ ہیں۔ اب اگلے میچز گروپ کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔



