آسٹریلین اوپن 2026 کی افتتاحی تقریب میںد کھائیں گے جلوہ
ملبورن، 12 دسمبر (ہ س)۔سوئٹزر لینڈ کے ٹینس کے قدآورکھلاڑی راجر فیڈرر جنوری 2026 میں ایک بار پھر اپنے ’ہیپی سلیم‘میں واپس آئیں گے۔ آسٹریلین اوپن کے منتظمین نے جمعہ کو اعلان کیا کہ فیڈرر ٹورنامنٹ کا باضابطہ آغاز کرنے کے لیے ’بیٹل آف دی ورلڈ نمبرون‘ ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ریٹائرمنٹ کے بعد وہ 2022 کے بعد پہلی بار راڈ لیور ایرینا میں نظر آئیں گے۔ملبورن پارک میں پہلی بار منعقد ہونے والی یہ خصوصی افتتاحی تقریب 18 جنوری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ سے ایک دن قبل منعقد کی جائے گی۔اس میں فیڈرر کو خصوصی اعزاز بھی دیا جائے گا۔ فیڈرر نارمن بروکس ٹرافی چھ بار جیت چکے ہیں اور ان کے نام کل 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل ہیں۔ اس خصوصی میچ میں فیڈرر کے ساتھ چار بار کے آسٹریلین اوپن چمپئن آندرے اگاسی، آسٹریلیا کے پیٹ رافٹر اور لیٹن ہیوٹ بھی کورٹ میں اتریں گے۔فیڈرر نے کہا،’بہت عرصہ پہلے میں نے آسٹریلین اوپن کو ’ہیپی سلیم‘کہا تھا، اور آج بھی جب مجھے وہ نام یاد آتا ہے تو میں مسکراتا ہوں۔ میں نے راڈ لیور ایرینا پر بہت سے جذبات محسوس کیے ہیں -’نارمن‘ کو چھ بار اٹھانے کی خوشی، خود راڈ لیور کے سامنے کھیلنے کا اعزاز، افسانوی حریفوں کے خلاف جدوجہد، اور آسٹریلیا کے مداحوں کی محبت۔ فیڈرر نے کہا کہ 2017 میں آسٹریلین اوپن جیتنا ان کے کیریئر کے سب سے خاص لمحات میں سے ایک تھا، اور اسے 2018 میں دہرانا ایک خواب جیسا تھا۔



