نئی دہلی، 7 اگست (ہ س)۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بدھ کی رات کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے شاندار آل راونڈ کارکردگی کے ساتھ آوٹر دہلی واریئرز کو 19 رنوں سے شکست دی۔ اسٹرائیکرز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 163 رن بنائے جس کے جواب میں وارئیرز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رن ہی بنا سکی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کی شروعات شاندار رہی۔ سلامی بلے بازی سارتھک رنجن نے 50 گیندوں پر 77 رن کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 154.00 رہا۔ ان کے ساتھ ویبھو کنڈپال نے 33 گیندوں میں 38 رن بنائے جس میں 5 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ دونوں نے مل کر ٹھوس اوپننگ پارٹنرشپ کھیلی۔مڈل آرڈر میں یجس شرما (8 رن) اور پرنو راجونشی (5 گیندوں میں 8 رن، 1 چھکا) نے چھوٹی شراکتیں کیں، جب کہ ارجن ریپاریا نے آخر میں 9 گیندوں میں 17 رن کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔واریئرز کے گیند بازوں نے نفاست کا مظاہرہ کیا ہرش تیاگی آوٹر دہلی واریئرز کے لیے سب سے زیادہ کفایتی گیندباز رہے۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 19 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سدھانت شرما اور کمل بیروا نے بھی 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔164 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں آوٹر دہلی واریئرز کی شروعات اچھی رہی لیکن درمیانی اوورز میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز کیشو ڈباس نے 26 گیندوں میں سب سے زیادہ 40 رن بنائے جس میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 153.85 رہا۔ وہیں سنت سنگوان نے 33 گیندوں میں 32 رنوں کی سنسنی خیز اننگز کھیلی۔حالانکہ مڈل آرڈر میں کوئی بڑی شراکت نہیں بن سکی جس کی وجہ سے ٹیم ہدف سے بہت دور رہ گئی۔نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کے لیے وکاس دیکشت نے شاندار گیند بازی کی اور 4 اوور میں صرف 19 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں ان کی عمدہ گیندبازی پر میچ کا ہیرو قرار دیا جا سکتا ہے۔ کلدیپ یادیو نے بھی 4 اوورز میں 32 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ہرشیت رانا کو 2 کامیابیاں ملی۔
مختصر اسکور:
شمالی دہلی اسٹرائیکرز – 163/7 (20 اوورز)؛ سارتھک رنجن: 77 (50)، ویبھو کانڈپال: 38 (33)، ہرش تیاگی: 2/19
آوٹر دہلی واریئرز – 144/9 (20 اوورز)؛ کیشو ڈباس: 40 (26)، سنت سنگوان: 32 (33)، وکاس دیکشت: 3/19



