Saturday, December 20, 2025
ہومSportsدھامی نے دسویں بین محکمہ جاتی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا

دھامی نے دسویں بین محکمہ جاتی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا

دہرادون، 20 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے روز دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں واقع کثیر مقصدی اسپورٹس ہال میں اتراکھنڈ سیکرٹریٹ بیڈمنٹن کلب کے زیر اہتمام منعقدہ 10ویں بین محکمہ جاتی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے خود بیڈمنٹن کھیل کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ اس ٹورنامنٹ میں ریاست کے 42 مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین اور افسران شرکت کر رہے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھامی نے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی مصروفیات کے باوجود ملازمین کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینا نہایت ضروری ہے، کیونکہ کھیل نہ صرف زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرتے ہیں بلکہ ذہنی دباؤ کم کرنے اور جسمانی صحت برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند رہنا انسان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور کھیل کود اس مقصد کے حصول کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ بین محکمہ جاتی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ منعقد ہوتا رہے گا اور اس سے ملازمین و افسران کے درمیان مثبت توانائی اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اتراکھنڈ مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ملک کے سامنے ایک مثال بن کر ابھر رہا ہے۔ مسٹر دھامی نے بتایا کہ حال ہی میں ریاست میں پہلی مرتبہ قومی کھیلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس کے نتیجے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔وزیر اعلیٰ کے مطابق ریاست میں کھیلوں کو فروغ دے کر اتراکھنڈ کو ’’کھیل بھومی‘‘ کے طور پر ترقی دینے کی سمت مسلسل کوششیں جاری ہیں، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے مواقع مل سکیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات