ترواننت پورم، 27 دسمبر (یواین آئی) ہندوستانی خواتین ٹیم کی اسٹار آل راؤنڈر دیپتی شرما نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ اس میچ میں انہوں نے خواتین بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی تیسری کھلاڑی بننے کے ساتھ ساتھ اسی فارمیٹ میں 1000 رن اور 150 وکٹوں کا ڈبل پورا کرنے کا بھی کارنامہ انجام دیا۔ وہ اس فارمیٹ میں (خواتین اور مرد دونوں میں) یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ہندوستانی کرکٹر ہیں۔گرین فیلڈ بین الاقوامی اسٹیڈیم میں جمعہ کو دیپتی کے 3/18 کے شاندار گیندبازی اسپیل کی بدولت انہوں نے آسٹریلیا کی عظیم کھلاڑی ایلس پیری کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پیری نے 271 بین الاقوامی میچوں میں 331 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ دیپتی کے نام اب 333 وکٹیں درج ہو چکی ہیں۔ اس فہرست میں اب وہ صرف انگلینڈ کی کیتھرین سیور-برنٹ اور ہندوستان کی لیجنڈ جھولن گوسوامی سے پیچھے ہیں۔26 سالہ دیپتی نے اس مختصر فارمیٹ میں ایک اور سنگِ میل عبور کیا اور ٹی-20 بین الاقوامی میں 150 وکٹیں لینے والی پہلی ہندوستانی کرکٹر (خواتین یا مرد) بن گئیں۔ انہوں نے سری لنکا کی کویشا دلہاری کو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا اور بعد میں اپنی 151ویں ٹی-20 وکٹ بھی حاصل کی، جس کے ساتھ وہ خواتین ٹی-20 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندبازوں میں آسٹریلیا کی میگن شوٹ کے برابر آ گئیں۔خواتین ایک روزہ کرکٹ میں، دیپتی جھولن گوسوامی کے بعد ہندوستان کی دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندباز ہیں۔ انہوں نے 121 میچوں میں 162 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ پانچ ٹیسٹ میچوں میں 18.10 کے شاندار اوسط سے 20 وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں۔ دیپتی اب تک اس فارمیٹ میں 1100 سے زائد رن اور 151 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔ وہ مردوں اور خواتین دونوں کی ٹی-20 کرکٹ کی تاریخ میں 1000 رن اور 150 وکٹوں کا سنگِ میل عبور کرنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔



