Sunday, January 18, 2026
ہومSportsبھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان فیصلہ کن معرکہ آج

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان فیصلہ کن معرکہ آج

بھارتی اسپنرس پر دباؤ: فیصلہ کن میچ میں گیند بازوں کا سخت امتحان

اندور، 17 جنوری (یو این آئی) اندور کے ہولکر کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں تاریخ داؤ پر لگی ہوگی۔ ہندوستان کے دورۂ نیوزی لینڈ کے اس آخری مقابلے میں مہمان ٹیم تقریباً دو دہائیوں بعد ہندوستانی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے کی نایاب تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گی۔سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے، جس کے باعث فیصلہ کن میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ہندوستان اپنی مضبوط گھریلو کارکردگی سے اعتماد حاصل کرنا چاہے گا، کیونکہ گزشتہ 20 برسوں میں وہ اپنی سرزمین میں نیوزی لینڈ کے خلاف کوئی بھی ون ڈے سیریز نہیں ہارا، جبکہ اندور میں اس کا ریکارڈ بھی شاندار ہے، جہاں وہ ساتوں میچ جیت کر ناقابلِ شکست (7-0) رہا ہے۔ہندوستانی ٹیم راجکوٹ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں سات وکٹوں کی شکست کے بعد اس مقابلے میں اترے گی۔ اس میچ میں کے ایل راہل کی ناٹ آوٹ سنچری (112) اور کپتان شبمن گل کی شاندار نصف سنچری (56) کے باوجود ہندوستان بلے بازی کے لئے سازگار وکٹ پر سات وکٹوں کے نقصان پر 284 رن ہی بنا سکا۔ یہ اسکور ناکافی ثابت ہوا اور نیوزی لینڈ نے 47.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 286 رن بنا کر ہدف بآسانی حاصل کر لیا۔ڈیرل مچل نے شاندار ناٹ آوٹ 131 رن بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور ول ینگ (87) کے ساتھ 162 رن کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔ مچل اس سیریز میں نیوزی لینڈ کے نمایاں ترین کھلاڑی رہے ہیں اور اب تک 215 رن بنا چکے ہیں، جبکہ ہندوستان کی جانب سے کے ایل راہل 141 رن کے ساتھ بلے بازی میں سب سے آگے ہیں۔ہندوستان کی گیندبازی، خاص طور پر اسپن شعبہ، اہم لمحات میں رن دینے کے باعث تنقید کی زد میں ہے۔ کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ پر بہتر کارکردگی کا دباؤ ہوگا، جبکہ ارشدیپ سنگھ کی ممکنہ شمولیت محمد سراج اور پرسدھ کرشنا کے ساتھ سوئنگ کا ایک اہم آپشن فراہم کر سکتی ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ پچھلے میچ میں اپنی منظم گیندبازی کارکردگی سے پرجوش ہے، جس کی قیادت کرسچن کلارک نے کی، جنہوں نے درمیانی اوورز میں تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ اگرچہ آخری اوورز میں مہمان ٹیم نے کچھ زیادہ رن دیے، تاہم مجموعی کارکردگی نے انہیں ہندوستان کی سرزمیں میں ایک یادگار سیریز جیتنے کا حقیقی موقع فراہم کیا ہے۔ہولکر کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے، جہاں چھوٹی باؤنڈریز ہیں اور ون ڈے میچوں میں پہلی اننگز کا اوسط اسکور 316 رن ہے۔ اگرچہ ماضی میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کو کامیابی حاصل رہی ہے، تاہم حالیہ مقابلوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہدف کے تعاقب میں کھیلنے والی ٹیموں کو برتری ملی ہے، جس کی وجہ سے ٹاس نہایت اہم ہو گیا ہے۔ ٹاس جیتنے والی ٹیم سے توقع ہے کہ وہ پہلے گیندبازی کا فیصلہ کرے گی۔موسمی حالات کرکٹ کے لیے موزوں رہنے کی توقع ہے۔ دن بھر دھوپ رہے گی، درجۂ حرارت تقریباً 26 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہوگا، نمی کم رہے گی اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔فیصلہ کن مقابلے سے قبل بہترین گھریلو ریکارڈ کی بنیاد پر ہندوستان کو مضبوط دعویدار قرار دیا جا رہا ہے۔ جہاں اس کی جیت کا امکان 78 فیصد بتایا جا رہا ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے امکانات 22 فیصد ہیں۔ ہندوستان کی فتح کی صورت میں میزبان ٹیم سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لے گی، جب کہ نیوزی لینڈ تاریخ کا رخ موڑتے ہوئے ایک یادگار کامیابی درج کرنے کی امید رکھے گا۔میچ کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 1:30 بجے ہوگا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات