اسکاٹ لینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں اٹلی کو پچھاڑ دیا
کولکتہ، ،9 فروری (یو این آئی )جارج منسی (84) اور برینڈن میک ملن (41 ناٹ آؤٹ) کی شاندار اننگز کے بعد مائیکل لیسک کی ہمہ جہت کارکردگی (22 ناٹ آؤٹ اور 4 وکٹیں) کی بدولت اسکاٹ لینڈ نے پیر کے روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے مقابلے میں اٹلی کو 73 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی اسکاٹ لینڈ نے ٹورنامنٹ میں اپنی جیت کا کھاتہ کھول لیا ہے۔208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اٹلی کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی اور پہلے ہی اوور میں جسٹن موسکا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اینتھنی موسکا اور جے جے اسمتس نے دوسری وکٹ کے لیے 31 رنز جوڑے لیکن چوتھے اوور میں بریڈلی کری نے اسمتس (22) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اینتھنی موسکا بھی محض 13 رنز بنا سکے۔مشکل وقت میں ہیری میننٹی اور بینجمن میننٹی نے اننگز کو سنبھالا، تاہم 13ویں اوور میں مائیکل لیسک نے ہیری میننٹی (37) کو آؤٹ کر کے اسکاٹ لینڈ کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ اگلے ہی اوور میں اولیور ڈیوڈسن نے بینجمن میننٹی کو آؤٹ کیا جنہوں نے 31 گیندوں پر 52 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد اٹلی کا کوئی بھی بلے باز اسکاٹش با لرز کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مارک واٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بریڈلی کری، بریڈ وہیل اور اولیور ڈیوڈسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔اس سے قبل، اٹلی نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا جو اسکاٹش اوپنرز نے غلط ثابت کر دیا۔ جارج منسی اور مائیکل جونز نے پہلی وکٹ کے لیے 126 رنز کی برق رفتار شراکت داری قائم کی۔ جارج منسی نے 54 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ مائیکل جونز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان رچرڈ بیرنگٹن (15) اور ٹام بروس (1) کی جلد رخصتی کے باوجود اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا ہمالیہ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ اٹلی کی طرف سے علی حسن، گرانٹ اسٹورٹ، تھامس ڈریکا اور جے جے اسمتس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



