برازیلیا،2 فروری (یو این آئی ) برازیل کے فٹ بال میدانوں میں کورنتھیانس کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ مانے گارینچا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے “سپرکوپا ڈو برازیل 2026” کے فائنل معرکے میں کورنتھیانس نے روایتی حریف فلامینگو کو 0-2 سے مات دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔میچ کا آغاز سنسنی خیز رہا، جہاں دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائی۔کھیل کے 26ویں منٹ میں گیبریل پاؤلیسٹا نے گسٹاو ہینریکے کے بہترین ہیڈر پاس کو ایک شاندار ‘لو شاٹ کے ذریعے گول میں تبدیل کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔دوسرے ہاف میں فلامینگو کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب ان کے کولمبین مڈفیلڈر خورخے کاراسکال کو پرتشدد کھیل کی وجہ سے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا گیا۔ 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونے کے بعد فلامینگو کا دفاع کمزور پڑ گیا۔میچ کے آخری لمحات (اضافی وقت) میں یوری البرٹو نے کائیو سیزر کے پاس پر گیند کو گول کیپر کے اوپر سے ‘چِپ کرتے ہوئے خالی جال میں پہنچا کر فتح پر مہر ثبت کر دی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فلامینگو نے پورے میچ میں 60 فیصد بال پوزیشن اپنے پاس رکھی، لیکن وہ کورنتھیانس کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے۔



