فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کاخطاب
ایسٹ ردرفورڈ، 14 جولائی (ہ س)۔ کول پامر کے دو گول اور ایک شاندار اسسٹ کی بدولت چیلسی نے پیر (ہندوستانی وقت کے مطابق) کے روز فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) کو 3-0 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے جب 32 ٹیموں کے اس نئے فارمیٹ میںکلب ورلڈ کپ کھیلا گیا اور چیلسی اس کی پہلی فاتح بنی۔
یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے کے بعد امریکہ پہنچنے والی پی ایس جی کوخاص طور پر سیمی فائنل میں ریال میڈرڈ کو 4-0 سے شکست دینے کے بعد اس میچ کا مضبوط دعویدار سمجھا جا رہا تھا ۔ لیکن فائنل میں چیلسی نے پہلے ہاف میں ہی 3-0 کی برتری حاصل کر کے میچ کو مکمل طور پر یک طرفہ بنا دیا۔
میچ پہلے ہاف میں ہی یک طرفہ ہو گیا تھا مقابلہ
میچ کے 22ویں منٹ میں کول پامر نے مالو گوسٹو کی مدد سے پہلا گول کیا۔ 30ویں منٹ میں پامر نے ایک بار پھر گول کر کے اسکور 2-0 کر دیا۔ اس کے بعد 43ویں منٹ میں پامر نے جواو پیڈرو کو شاندار پاس دے کر اسکور 3-0 کر نے میں مدد کی ۔
جواو پیڈرو، جنہیں ٹورنامنٹ کے دوران برائٹن سے سائن کیا گیا تھا، نے سیمی فائنل میں بھی فلومینینس کے خلاف دو گول کیے تھے۔ انہوں نے فائنل میں بھی اپنا جلوہ دکھایا۔
پی ایس جی مکمل طور پر ناکام، نیوس کو ریڈ کارڈ ملا
پی ایس جی کی ٹیم، جس نے اپنے پچھلے آٹھ کھیلوں میں صرف ایک گول کھایا تھا، چیلسی کے خلاف پوری طرح سے بکھر گئی۔ میچ کے آخر میں، مارک کوکوریلا کے بال کھینچنے پر وی اے آر ریویو کے بعد جواو نیوس کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔
تاریخی جیت، 125 ملین ڈالر کی انعامی رقم
یہ فتح چیلسی کے لیے بہت خاص تھی، کیونکہ اس سیزن میں اس نے یوئیفا کانفرنس لیگ بھی جیتی اور پریمیئر لیگ میں چوتھے نمبر پر رہی۔ اس فتح کے ساتھ کلب کو تقریباً 125 ملین امریکی ڈالر کی انعامی رقم بھی ملے گی۔
ٹرمپ کی موجودگی اور سپر باول جیسا ماحول
یہ میچ 81,118 تماشائیوں کے سامنے کھیلا گیا اور اس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے شرکت کی۔ فائنل میں پہلی بار ہاف ٹائم شو کا اہتمام کیا گیا جس نے میچ کو سپر باول جیسا احساس دیا۔
پی ایس جی کے لیے مایوسی، اب نظریں سپر کپ پر
اگرچہ پی ایس جی خطاب نہیں جیت سکی، چیمپئنز لیگ اور فرنچ لیگ کپ ڈبل جیتنا اس کے سیزن کی خاص بات تھی۔ اب لوئس اینریک کی ٹیم ایک ماہ کے آرام کے بعد یوئیفا سپر کپ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کا مقابلہ کرے گی۔



