ٹاپ 15 رینکنگ اور ورلڈ چیمپئن شپ پر نظریں
نئی دہلی، 13 جنوری (یو این آئی )ہندوستان بیڈمنٹن کا نیا ستارہ، آیوش شیٹی 2026 کو اپنے کیریئر کا یادگار سال بنانے کے لیے تیار ہیں۔ 2025 میں ان کا سال انتہائی کامیاب رہا، جس میں انہوں نے یو ایس اوپن سپر 300 جیتا اور ہائلو اوپن میں سابق عالمی چیمپئن لو کیان یو کو شکست دی۔ اب 2026 کے لیے اپنے بڑے اہداف کا اعلان کر دیا ہے۔ 20 سالہ آیوش، جو اپنی طویل قامتی اور جارحانہ کھیل کی وجہ سے مشہور ہیں، اب دنیا کے ٹاپ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔یونیکس-سن رائز انڈیا اوپن 2026 کے افتتاحی تقریب کے موقع پریونائیٹڈ نیوز آف انڈیا (یواین آئی ) سے بات کرتے ہوئے، آیوش نے اپنے مستقبل کے منصوبے بیان کیے۔انہوں نے کہا،اس سال بہت بڑے ٹورنامنٹس ہیں، جیسے آل انگلینڈ اوپن،ورلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026: یہ ایونٹ ہندوستان میں (ہوم گراؤنڈ پر) منعقد ہوگا، جس کے لیے وہ بے حد پرجوش ہیں۔ پھر ایشین گیمز۔ میں چاہتا ہوں کہ تمام ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی پیش کروں۔ میرا ہدف یہ ہے کہ سال کے آخر تک ٹاپ 15 یا ٹاپ 10 رینکنگ تک پہنچوں۔آیوش نے کہا کہ یو ایس اوپن سپر 300 میں کامیابی نے ان کا اعتماد بڑھایا اور اب وہ دنیا کے ٹاپ کھلاڑیوں کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔آیوش نے حال ہی میں ختم ہونے والے ملیشیا اوپن 2026 میں اپنی دھاک بٹھائی ہے،انہوں نے اولمپک میڈلسٹ لی زی جیا کو ابتدائی راؤنڈ میں شکست دی۔موجودہ ورلڈ نمبر 1 شی یوچی کے خلاف انتہائی سخت مقابلہ کیا، اگرچہ وہ یہ میچ قریب سے ہار گئے، لیکن ان کی کارکردگی نے سب کو متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ ملیشیا اوپن میں میں نے لی زی جیہ اور شی یوچی کے خلاف کھیلا،اور اب میں مزید ٹاپ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور جیتنے کی کوشش کرنا چاہتا ہوں۔6 فٹ 5 انچ طویل قد کی وجہ سے آیوش کا موازنہ اکثر ڈنمارک کے عظیم کھلاڑی وکٹر ایکسل سن سے کیا جاتا ہے۔
اس موازنے پر آیوش کا کہنا تھا،وکٹر میرے آئیڈیل ہیں اور میں برسوں سے ان کے کھیل کو فالو کر رہا ہوں۔ ہمارا کھیل کسی حد تک ایک جیسا ہے، لیکن میرا ان سے موازنہ کرنا ان کے ساتھ زیادتی ہے کیونکہ انہوں نے بیڈمنٹن میں سب کچھ حاصل کر لیا ہے۔ میں اپنا راستہ خود بنانا چاہتا ہوں۔آیوش کے مطابق، وہ ابھی اپنے کیریئر کے ابتدائی مراحل میں ہیں اور انہیں اپنی رفتار میں تبدیلی اور جسمانی مضبوطی پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طویل ریلیز کھیلنے کی اپنی سابقہ کمزوری پر قابو پانے کا بھی ذکر کیا۔آیوش شیٹی کی حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے، ماہرین انہیں ہندوستانی بیڈمنٹن کا اگلا بڑا سپرسٹار قرار دے رہے ہیں۔



