نئی دہلی، 11 اکتوبر (یواین آئی) ہندستانی کپتان شبھمن گل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو کپتان کی حیثیت سے اپنی شاندار سنچری (129ناٹ آؤٹ) بنائی۔ گل نے محض 12 اننگز میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی۔ یہ مجموعی طور پر ان کی دسویں ٹیسٹ سنچری ہے۔کپتان کی حیثیت سے گل کی یہ سنچری ایک ایسا ریکارڈ ہے جو انہیں الیسٹر کک اور سنیل گواسکر جیسے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں لا کھڑا کرتی ہے۔ گل نے کھیری پیئر کی گیند کو کور کے اوپر سے تیزی سے کٹ کیا اور تین رن لے کر اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ٹوپی اٹھائی اور وکٹ کیپر دھروو جوریل کو گلے لگا لیا۔ گل نے 177 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔گل کی یہ کامیابی صرف اعداد و شمار کے لحاظ سے ہی اہم نہیں ہے۔ کک نے بطور کپتان نو اننگز میں پانچ سنچریاں بنائی تھیں اور دس اننگز میں گواسکر نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ دراصل اس سے قبل صرف ویراٹ کوہلی ہی ایسے ہندستسانی کپتان تھے جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں پانچ ٹیسٹ سنچریاں بنائی تھیں۔ انہوں نے یہ اعزاز دو بار، 2017 اور 2018 میں حاصل کیا تھا۔



