میڈرڈ، 17 اپریل (ہ س)۔ انگلش کلب آرسنل نے چیمپئنز لیگ 25-2024 کے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن ریال میڈرڈ کو کوارٹر فائنل میں 1-5 کے ایگریگیٹ اسکور سے شکست دی۔ آرسنل نے بدھ کی شب دوسرے مرحلے کے میچ میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی اور 16 سال بعد سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اب ان کا مقابلہ پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے ہوگا۔ آرسنل نے گزشتہ ہفتے لندن میں کھیلے گئے پہلے مرحلے میں 0-3 سے بڑی جیت درج کی تھی، جس کا فائدہ انہیں میڈرڈ میں ملا۔ میچ کے آغاز سے ہی آرسنل نے دفاعی حکمت عملی اپنائی اور ریال میڈرڈ کے جارحانہ کھیل کو زیادہ مواقع نہیں دیے۔ پہلے ہاف میں آرسنل کو پنالٹی کا موقع ملا جب وی اے آر کی مدد سے ریال کے راول ایسینسیو کے ذریعہ میکل میرینو کو کھینچنے کا معاملہ پکڑ میں آیا۔ حالانکہ ساکا کا پنالٹی کک تھیبو کورٹوا نے روک لیا۔ اس غلطی کے بعد دوسرے ہاف کے 65ویں منٹ میں ساکا نے شاندار واپسی کی اور ٹیم کے لیے پہلا گول کیا۔ساکا کے گول کے دو منٹ بعد ہی ونیسیئس جونیئر نے ولیم سلیبا کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برابری کا گول کر کے ریال کو کچھ امید دلائی۔ لیکن ریال میڈرڈ کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب اسٹار کھلاڑی کیلین ایمباپے انجری کے باعث میدان چھوڑ گئے۔میچ کے انجری ٹائم میں گیبریل مارٹینیلی نے آرسنل کے لیے دوسرا اور فیصلہ کن گول کر کے ریال میڈرڈ کی واپسی کی امیدیں مکمل طور پر ختم کر دیں۔گزشتہ سیزن میں چیمپئنز لیگ اور لا لیگا ڈبل ٓٓجیتنے والی ریال میڈرڈ اس بار اپنے فارم میں دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ پہلے مرحلے میں 0-3 سے ہارنے کے بعد ٹیم میڈرڈ میں بھی کچھ زیادہ نہیں کر سکی۔ اسٹار اسٹرائیکر ایمباپے بھی مکمل فارم میں نظر نہیں آئے اور آخری لمحات میں زخمی ہوکر باہر چلے گئے۔آرسنل نے چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں صرف تیسری بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ ٹیم آخری بار 2009 میں اس پوزیشن پر پہنچی تھی۔ اب اس کا مقابلہ پیرس سینٹ جرمین سے ہوگا، جو اس سیزن میں بھی مضبوط فارم میں ہیں۔



