زیورخ/نیویارک 18 دسمبر(یو این آئی ) فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے والی ٹیم کیلئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا جس نے فٹبال شائقین کو حیران کر دیا۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فیفا کونسل نے 2026 کے ورلڈ کپ کیلئے مجموعی طور پر 655 ملین ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم کی منظوری دے دی جو قطر میں منعقدہ 2022 کے ٹورنامنٹ کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ رنرز اًپ کو 33 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 29 ملین ڈالر، چوتھی کو 27 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ کوارٹر فائنل میں ہارنے والی ہر ٹیم کو 19 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔راؤنڈ آف 16 میں باہر ہونے والی ٹیموں کو 15 ملین ڈالر اور راؤنڈ آف 32 سے باہر ہونے والی ٹیموں کو 11 ملین ڈالر دیے جائیں گے جو ممالک گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکیں گے انہیں 9 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاری کے اخراجات کے طور پر مزید 1.5 ملین ڈالر دیے جائیں گے اس طرح ٹورنامنٹ میں شریک ہر ملک کو کم از کم 10.5 ملین ڈالر کی ضمانت ہوگی۔فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 عالمی فٹبال برادری کیلئے مالی لحاظ سے بھی ایک انقلابی ایونٹ ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ فیفا کی جانب سے شریک فیڈریشنز کیلئے انعامی رقم میں یہ اضافہ ورلڈ کپ کے بیشتر ٹکٹوں کی غیر معمولی حد تک بلند قیمتوں کے پس منظر میں سامنے آیا۔گزشتہ ہفتے 2026 کے ٹورنامنٹ کیلئے جاری کردہ ٹکٹوں کی قیمتیں اوسطاً 174 فیصد زیادہ تھیں جو 2018 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی جانب سے جمع کروائی گئی مشترکہ بڈ بُک میں اندازہ لگائی گئی قیمتوں سے کہیں زیادہ ہیں۔اس سے بھی زیادہ ڈرامائی اضافہ ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں دیکھا گیا ہے جو 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سیمی فائنلز کیلئے قیمتوں میں 197 فیصد اضافہ ہوا ہے جو بڈ بُک کے 733 ڈالر سے بڑھ کر 2,174 ڈالر ہوگئی ہیں۔ کوارٹر فائنلز میں یہ اضافہ 153 فیصد ہے جہاں قیمتیں 412 ڈالر سے بڑھ کر 1044 ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔



