17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگا ٹورنامنٹ ، فائنل 3 جون کو
پاک ہندوستان کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ 9 مئی کو روک دیا گیا تھا، اب باقی میچز چھ شہروں میں ہوں گے
نئی دہلی، 13 مئی (ہ س)۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پیر کی دیر رات انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا۔ ٹورنامنٹ اب 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگا اور فائنل میچ 3 جون کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے باعث 9 مئی کو آئی پی ایل کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اب باقی 17 میچ بنگلورو، جے پور، دہلی، لکھنو?، ممبئی اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پلے آف کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پلے آف میچز ان تاریخوں پر ہوں گے
چار پلے آف میچوں کی تاریخوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے:
کوالیفائر 1: 29 مئی
ایلیمنیٹر: 30 مئی
کوالیفائر 2: 1 جون
فائنل: 3 جون
ٹورنامنٹ کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد کل 17 میچ کھیلے جائیں گے جن میں دو ڈبل ہیڈرز (اتوار کو) شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 13 لیگ میچز اور 4 پلے آف میچز باقی ہیں۔
آئی پی ایل کے دوبارہ شروع ہونے کے ساتھ ہی پہلا میچ 17 مئی کو بنگلورو میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) اور دہلی کیپٹلز (ڈی سی) کے درمیان میچ، جو 8 مئی کو دھرم شالہ میں ادھورا رہ گیا تھا، اب 24 مئی کو جے پور میں ہوگا، جو پنجاب کا عارضی ہوم گراونڈ ہوگا۔
پنجاب کو 26 مئی کو جے پور میں ممبئی انڈینس کے خلاف بھی کھیلنا ہے۔ اس سے پہلے یہ میچ دھرم شالہ میں ہونا تھا۔
یہ میچز اتوار کو ڈبل ہیڈرز میں ہوں گے۔
18 مئی (اتوار):
دوپہر 3.30 بجے: راجستھان رائلز بمقابلہ پنجاب کنگز
شام 7.30بجے : دہلی کیپٹلس بمقابلہ گجرات ٹائٹنز
25 مئی (اتوار):
دوپہر 3.30 بجے: گجرات ٹائٹنز بمقابلہ چنئی سپر کنگز
شام 7.30 بجے : سن رائزرس حیدرآباد بمقابلہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز
لیگ مرحلے کا آخری میچ لکھنو سپر جائنٹس اور آر سی بی کے درمیان 27 مئی کو لکھنو میں کھیلا جائے گا۔
یہ ٹیمیں ہوم گراونڈ سے محروم رہیں گی
شیڈول میں تبدیلی کی وجہ سے تین ٹیمیں پنجاب، چنئی اور حیدرآباد اب اپنے ہوم گراونڈز پر کوئی میچ نہیں کھیل سکیں گی۔ حالانکہ چنئی اور حیدرآباد پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہیں، لیکن یہ پنجاب کے لیے ایک بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہے کیونکہ وہ 11 میچوں میں 15 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔
آئی پی ایل کا فائنل اب 3 جون کو کھیلا جائے گا، جو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 29 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے ٹکرائے گا۔ اس سے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی روماریو شیفرڈ (آر سی بی)، شمر جوزف (ایل ایس جی) اور شیرفین ردرفورڈ (گجرات) آئی پی ایل پلے آف سے باہر ہوسکتے ہیں۔ انگلینڈ نے ابھی تک اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن جوس بٹلر، فل سالٹ، لیام لیونگسٹون، ول جیکس اور ریس ٹوپلے جیسے کھلاڑی بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
آئی پی ایل فائنل کے صرف سات دن بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 11 جون سے انگلینڈ کے لارڈز میں کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے آئی پی ایل میں کھیلنے والے بہت سے آسٹریلوی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی متاثر ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی، 30 مئی سے شروع ہونے والے ہندوستان اے کے دورہ انگلینڈ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کی دستیابی بھی اب شک میں ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق آئی پی ایل کو دوبارہ شروع کرنے سے پہلے حکومت اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ وسیع مشاورت کی گئی۔ اب فرنچائزز کے لیے سب سے بڑا چیلنج کھلاڑیوں اور معاون عملے کو ہندوستان واپس بلانا ہوگا۔ گجرات ٹائٹنز سب سے کم متاثر ہوئے ہیں کیونکہ ان کے صرف دو غیر ملکی کھلاڑی (بٹلر اور کوٹزی) باہر گئے ہیں اور باقی ٹیم احمد آباد میں پریکٹس کر رہی ہے۔



