National

پی ایم مودی و امیت شاہ کی بھی جانچ ہونی چاہئے: جے رام رمیش

239views

تامل ناڈو میں کانگریس کے لیڈر و ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی چیکنگ کا معاملہ طول اب پکڑتا جا رہا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا ہے کہ راہل گاندھی ہی کیوں؟ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے ہیلی کاپٹر کی بھی جانچ ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ تامل ناڈو کے نیلگری میں الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ نے راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن کو پی ایم اور وزیر داخلہ کے ہیلی کاپٹر کی بھی جانچ کرنی چاہئے۔ اس پریس کانفرنس میں جے رام رمیش نے کانگریس پارٹی کی تھیم سانگ اور 21 ریٹائرڈ ججوں کے ذریعے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ کو تحریر کیے گئے مکتوب پر بھی جواب دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران جے رام رمیش سے یہ سوال پوچھا گیا کہ جب پارٹی کی تھیم سانگ کے مرکز میں راہل گاندھی ہیں تو کیا کانگریس راہل گاندھی کے چہرے پر الیکشن لڑ رہی ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویڈیو کا فوٹیج بھارت جوڑو یاترا اور بھارت جوڑو نیائے یاترا کا ہے، اس لیے راہل گاندھی کی تصویریں زیادہ ہیں۔ راہل گاندھی کے ساتھ ہندوستان کے عام لوگوں کی بھی تصویریں ہیں۔

21 سبکدوش ججوں کے ذریعے سی جے آئی کو خط لکھنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر نے کہا کہ 21 ریٹائرڈ ججوں کی طرف سے لکھا گیا یہ خط اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ کس طرح پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سپریم کورٹ کو دھمکی دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے منی پور کی صورتحال پر سخت تبصرہ کیا تھا، بعد میں الیکٹورل بانڈ کو غیر آئینی قرار دیا گیا، یہ غیر جانبدار عدالتی نظام پر دباؤ بنانے کی کوشش ہے، یہ مودی حکومت نے کروایا ہے۔ سپریم کورٹ کو خطرہ کانگریس سے نہیں بلکہ پی ایم مودی و وزیر داخلہ ہے سے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.