Sports

پاکستان نے تیسرا ون ڈے 36 رن سے جیت لیا

72views

جنوبی افریقہ میں پہلی بار کلین سویپ کیا، صائم ایوپ سیریز آف دی میچ رہے

جوہانسبرگ، 23 دسمبر (یو این آئی) صائم ایوب (101) کی سنچری، بابر اعظم (52) اور کپتان محمد رضوان (53) کی نصف سنچریوں کے بعد سفیان مقیم کی شاندار گیند بازی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو بارش سے متاثر ہ میچ میں شکست دے دی۔ اتوار کو تیسرے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر 36 رنز سے شکست ہوئی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی۔309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور سات اوورز میں 44 رنز پر اپنی وکٹیں گنوا دیں۔ کپتان ٹیمبا باؤما (آٹھ) اور ٹونی ڈی جارج (26) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رسی وان ڈیر ڈوسن (35) اور ایڈن مارکرم (19) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ افریقہ کی جانب سے ہینرک کلاسن نے طوفانی انداز میں بیٹنگ کی اور 29 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کلاسن نے 43 گیندوں میں 12 چوکے اور دو چھکے لگا کر 81 رنز بنائے۔ افریقہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ مارکو جانسن (26) اور کگیسو ربادا (14) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کورین بوش نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ افریقہ 42 اوورز میں 271 رنز بنا سکا اور اسے ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر 36 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس میچ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سفیان مقیم نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔یہ میچ جیت کر پاکستان جنوبی افریقہ کو اسی کے گھر پر کلین سویپ کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔ پاکستان کے صائم ایوب کو ان کی شاندار بلے بازی پر ‘پلیئر آف دی میچ ‘ اور ‘پلیئر آف سیریز ‘ سے نوازا گیا۔اس سے قبل رات گئے پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 309 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے پاکستان کا آغاز انتہائی خراب رہا اور پہلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق (0) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے بابر اعظم نے صائم ایوب کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت ہوئی۔ 23ویں اوور میں وینا مفاکا نے بابر اعظم (52) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد کپتان نے بھی صائم کو بیٹنگ کے لیے جوائن کیا۔ 35ویں اوور میں کوربن بوش نے صائم ایوب کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو تیسری کامیابی دلائی۔ ایوب نے 94 گیندوں میں 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 52 گیندوں میں 5 چوکے اور ایک چھکا لگا کر (53) رنز بنائے۔ آغا سلمان نے 33 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگا کر (48) رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی (0) کو ربادا نے اپنا شکار بنایا۔ طیب طاہر (28) اور محمد حسنین (چار) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کو مارکو یانسن نے آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ پانچ رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے 47 اوورز میں نو وکٹوں پر 308 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ بورن فورٹن اور مارکو جانسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وائنا مفاکا اور کوربن بوش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.