National

این سی پی – شردپوار نے جاری کیا اپنا انتخابی منشور، عورتوں کے تحفظ کو ترجیح دینے کا وعدہ

121views

این سی پی – شرد پوار نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ اس منشور میں خواتین کے تحفظ کو ترجیح دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کم کرنے کا بھی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے اپنے منشور کا نام ’شپتھ پتر‘ (حلف نامہ) رکھا ہے۔

این سی پی شرد پوار کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے انتخابی منشور کے اجرا کے موقع پر کہا ہے کہ ہم آج اپنا منشور جاری کر رہے ہیں، منشور میں جن باتوں کو پیش کیا گیا ہے، ہمارے لیڈر انہیں پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ ہمارا منشور ایک ’شپتھ پتر‘ ہے۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے، کسان پریشان ہیں اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔ ہم کسانوں کے مسائل حل کریں گے اور مہنگائی و بیروزگاری ختم کریں گے۔

جینت پاٹل نے مزید کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال اور نجکاری جیسے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم ان تمام مسائل پر پہلے ہی اپنے موقف کا اظہار کر چکے ہیں۔ ہم ایل پی جی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کریں گے۔ ہم اقتدار میں آئیں گے تو خواتین کے ریزرویشن پر بھی کام کریں گے اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت قانون لایا جائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.