الیکشن کمیشن کی زیر صدارت انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس، مختلف ایجنسیوں کو فعال کارروائی کی ہدایت
نئی دہلی، 17 اکتوبر(ایجنسی): الیکشن کمیشن نے جمعہ کو نرواچن سدن میں الیکشن انٹیلی جنس سے متعلق کثیر شعبہ جاتی کمیٹی کی میٹنگ طلب کی اور مختلف نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ انتخابات کے دوران فعال اور مربوط کارروائی کو یقینی بنائیں۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے الیکشن کمشنروں ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے ’’زیرو ٹالرینس‘‘ کی پالیسی پر کاربند ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی جرائم اور انتخابات میں پیسے کی طاقت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے تمام نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان فوری معلومات کا تبادلہ اور باہمی تعاون ضروری ہے۔کمیشن نے قومی، ریاستی اور ضلعی سطحوں پر ایجنسیوں کے درمیان بہتر بین ایجنسی کوآرڈی نیشن پر زور دیا اور ہدایت دی کہ ممنوعہ اشیاء، منشیات، شراب، نقدی اور جعلی کرنسی کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے حلقوں کا نقشہ بنایا جائے۔میٹنگ میں سی بی ڈی ٹی، سی بی آئی سی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی)، اکنامک انٹیلی جنس بیورو (سی ای آئی بی)، فائنانشل انٹیلی جنس یونٹ (ایف آئی یو-آئی این ڈی)، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)، انڈین بینکس ایسوسی ایشن (آئی بی اے)، نارکوٹکس بیورو، بی ایس ایف، سی آئی ایس ایف، ایس ایس بی اور محکمہ ڈاک کے سربراہان نے شرکت کی۔بہار کے چیف سکریٹری، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، ریاستی پولیس نوڈل آفیسر، اور چیف الیکٹورل آفیسر بھی آن لائن میٹنگ میں شامل ہوئے۔تمام ایجنسیوں نے کمیشن کو اپنی تیاریوں اور انتخابات میں نقدی اور دیگر ترغیبات کے اثر کو ختم کرنے کے لیے تجویز کردہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد بلا امتیاز اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی تیار کرنا تھا۔



