Saturday, December 6, 2025
ہومNationalوادی کشمیر میں جماعتِ اسلامی کے خلاف وسیع پیمانے پر چھاپے

وادی کشمیر میں جماعتِ اسلامی کے خلاف وسیع پیمانے پر چھاپے

متعدد اضلاع میں تلاشی کارروائیاں تیز

سری نگر ،27نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو وادی کے مختلف اضلاع میں کالعدم تنظیم جماعتِ اسلامی کے خلاف ایک ہمہ گیر اور مربوط کارروائی انجام دی، جس کے دوران اننت ناگ، پلوامہ، اونتی پورہ، بڈگام، کلگام اور کپواڑہ سمیت کئی اضلاع میں بیک وقت تلاشی مہم چلائی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران متعدد رہائشی گھروں، تنظیم سے منسلک افراد کے ٹھکانوں اور مختلف اداروں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران الیکٹرانک آلات، دستاویزات، لٹریچر اور دیگر مواد ضبط کیا گیا، جنہیں تکنیکی جانچ کے لیے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ سامان کی تفصیلی جانچ کے بعد مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔اسی دوران اونتی پورہ میں بھی پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں اور متعلقہ مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی میں ڈیجیٹل آلات، ریکارڈ اور مشکوک مواد ضبط کیا گیا جبکہ کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔ اونتی پورہ پولیس نے واضح کیا کہ علاقے میں دہشت گردی اور اس کے معاون ڈھانچے کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں مزید شدت اختیار کریں گی۔ادھر بڈگام میں صبح سویرے پولیس نے چاڈورہ، سوئیہ بوگ اور بیروہ علاقوں میں جماعتِ اسلامی سے جڑے افراد اور اداروں کے مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔ اس کارروائی میں پولیس افسران کے ساتھ خواتین پولیس اہلکار اور مقامی نمبر دار بھی شامل تھے۔ چھاپوں کے دوران مختلف گھروں اور اداروں سے الیکٹرانک ڈیوائسز، لٹریچر اور اہم دستاویزات قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کے لیے محفوظ کیے گئے۔ بڈگام پولیس کے مطابق یہ تمام کارروائیاں ضلع میں انتہا پسندانہ بیانیے اور علیحدگی پسند پروپیگنڈے کو کمزور کرنے کے مقصد سے کی جا رہی ہیں۔پلوامہ میں بھی پولیس نے حالیہ عرصے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اضافے اور نوجوانوں میں ممکنہ بنیاد پرستی کے خدشات کے پیشِ نظر جماعتِ اسلامی سے وابستہ مختلف مقامات پر سرچ آپریشن چلایا۔ اگرچہ کسی بھی جگہ سے قابلِ اعتراض مواد برآمد نہیں ہوا، تاہم پولیس نے تمام مقامات کی مکمل جانچ کی اور کارروائی کو پرامن ماحول میں مکمل کیا۔ پلوامہ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ضلع میں امن و امان کو مستحکم کرنا، نوجوانوں کو شدت پسندی سے دور رکھنا اور دہشت گردی کے معاون نیٹ ورک کو پوری طرح ختم کرنا ہے۔پولیس حکام نے اس بات پر زور دیا کہ وادی میں دہشت پسند نیٹ ورک، اس کے مالی، فکری اور تنظیمی معاونین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔ تمام ضبط شدہ مواد کی باریک بینی سے چھان بین کی جائے گی اور جہاں بھی شواہد ملیں گے۔سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات