این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے درمیان سیدھا مقابلہ
نئی دہلی، 26 اگست:۔ (ایجنسی)نائب صدر کے انتخاب کے امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ پیر کو ختم ہوگئی۔ دونوں امیدواروں میں سے کسی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے۔ اب 9 ستمبر 2025 کو حکمراں این ڈی اے کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن اور انڈیا بلاک کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا۔ اس بار ہندوستان کے نائب صدر کے عہدے کی دوڑ میں شامل دونوں امیدواروں کا تعلق جنوبی ہندوستان سے ہے۔ رادھا کرشنن تامل ناڈو سے اور سدرشن ریڈی تلنگانہ سے ہیں۔ اپوزیشن نے نائب صدر کے انتخاب کو نظریاتی جنگ قرار دیا ہے۔ تاہم، اعداد و شمار حکمراں این ڈی اے اتحاد کے حق میں ہیں۔ پرچۂ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ پیر کو ختم ہونے کے بعد اب سدرشن ریڈی اور سی پی رادھا کرشنن میدان میں رہ گئے ہیں۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی نائب صدر کے انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ نائب صدر کے انتخاب 2025 کے لیے ووٹنگ منگل 9 ستمبر 2025 کو کمرہ نمبر F-101، وسودھا، پارلیمنٹ ہاؤس، نئی دہلی میں ہوگی۔ ووٹنگ صبح 10 بجے شروع ہوگی اور شام 5 بجے ختم ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہندوستان کے نائب صدر کے عہدے کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین پر مشتمل ہے۔ راجیہ سبھا کے نامزد اراکین بھی الیکٹورل کالج میں شامل ہونے کے اہل ہیں اور انتخاب میں حصہ لینے کے حقدار ہیں۔” راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اسی دن شام 6 بجے شروع ہوگی اور اس کے فوراً بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔



